17 hours ago
کراچی، طالبات کی 9 لاکھ فیس لے کر فرار ہونے والے کالج ملازم کی خودکشی کی کوشش
ویب ڈیسک
|
1 Feb 2025
کراچی: طالبات کی 9 لاکھ روپے فیس لے کر فرار ہونے والے سرکاری کالج کے سپرنٹنڈنٹ نے گرفتاری کے خوف سے زہر پی کر خودکشی کی کوشش کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ کالج فار ویمن ناظم آباد کی طالبات کی فیس لے کر فرار ہونے والے سپرنٹنڈنٹ نفیس نے گرفتاری کے خوف سے زہریلی دوا پی لی، جس کے بعد انہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق امتحانی فیس کی مد میں جمع شدہ 9 لاکھ روپے سے زائد رقم لے کر فرار ہونے والے کالج سپرنٹنڈنٹ نفیس کی گرفتاری کے لیے ایس آئی یو رضویہ پولیس نے اس کے گھر پر چھاپہ مارا۔ پولیس کے پہنچنے پر ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے زہریلی دوا پی لی جس کے باعث اس کی حالت خراب ہو گئی۔
پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا، جہاں اس کے معدے کو صاف کر دیا گیا۔
ڈاکٹروں کے مطابق، ملزم نفیس کی حالت اب خطرے سے باہر ہے اور اس کی نگرانی کی جارہی ہے تاکہ وہ دوبارہ خود کو نقصان نہ پہنچا سکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے صحت یاب ہونے کے بعد اسے حراست میں لیا جائے گا اور اس سے غائب شدہ رقم کی برآمدگی کے لیے تفتیش کی جائے گی۔
حکام نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ ملزم نے رقم یا تو کسی خفیہ جگہ پر چھپا دی ہے یا پھر اسے کہیں منتقل کر دیا ہے۔
طالبات اور والدین میں غم و غصہ
اس واقعے کے بعد کالج کی طالبات اور ان کے والدین شدید پریشانی کا شکار ہیں، کیونکہ کئی طالبات نے امتحانات کی فیس بڑی مشکل سے جمع کی تھی۔
والدین نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت جلد از جلد رقم واپس دلانے کے اقدامات کرے اور مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کے لیے سخت نگرانی کی جائے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نفیس کے خلاف پہلے بھی مالی بے ضابطگیوں کی شکایات موجود تھیں لیکن ان پر کوئی سخت کارروائی نہیں کی گئی تھی۔ تفتیشی افسران اب یہ بھی دیکھ رہے ہیں کہ کیا ملزم کے ساتھ کوئی اور کالج کا کوئی اور ملازم بھی ملوث تھا۔
پولیس حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اس کیس کو جلد از جلد حل کیا جائے گا تاکہ متاثرہ طالبات کو ان کی رقم واپس دلائی جا سکے اور مجرمان کو قانون کے مطابق سزا دی جا سکے۔
Comments
0 comment