کراچی کے پوش ایریا میں چینی شہری کے گھر پر 30 لاکھ کی ڈکیتی، گھریلو ملازمہ کا شوہر گرفتار، ملزمہ تاحال مفرور

کراچی کے پوش ایریا میں چینی شہری کے گھر پر 30 لاکھ کی ڈکیتی، گھریلو ملازمہ کا شوہر گرفتار، ملزمہ تاحال مفرور

واقعہ اکتوبر 2024 میں پیش آیا تھا
کراچی کے پوش ایریا میں چینی شہری کے گھر پر 30 لاکھ کی ڈکیتی، گھریلو ملازمہ کا شوہر گرفتار، ملزمہ تاحال مفرور

Webdesk

|

24 Jul 2025

کراچی: ملیر سٹی پولیس نے کلفٹن میں ایک غیر ملکی شہری کے گھر میں ہونے والی ڈکیتی کی واردات میں ملوث مرکزی ملزم فیاض کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق، اس واردات میں فیاض کی بیوی سونیا بھی شامل تھی جو تاحال فرار ہے، اور اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ایس ایس پی ملیر، ڈاکٹر عبدالخالق پیرزادہ نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ واردات اکتوبر 2024 میں بوٹ بیسن تھانے کے علاقے کلفٹن بلاک 4 میں پیش آئی تھی۔

غیر ملکی شہری زو باؤ شینگ کے گھر میں ان کی گھریلو ملازمہ سونیا نے اپنے شوہر فیاض کے ساتھ مل کر تقریباً 30 لاکھ روپے نقد اور طلائی زیورات لوٹ لیے تھے۔

اس واقعے کا مقدمہ زو باؤ شینگ کی مدعیت میں بوٹ بیسن تھانے میں درج کیا گیا تھا۔

ایس ایس پی پیرزادہ نے مزید بتایا کہ ملزمہ سونیا گھروں میں ملازمہ کے طور پر کام حاصل کرتی تھی اور معلومات اکٹھی کرنے کے بعد اپنے شوہر فیاض کے ساتھ مل کر واردات کرتی تھی۔

گرفتار ملزم فیاض نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا ہے کہ وہ اور اس کی بیوی حلیہ بدل کر وارداتیں کرتے تھے اور پھر اندرونِ ملک فرار ہو جاتے تھے۔

ملزم فیاض کو ملیر سٹی کے علاقے سے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فیاض شہر کے مختلف علاقوں میں گھروں میں چوری اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔

پولیس کا عزم ہے کہ جلد ہی فرار ہونے والی ملزمہ سونیا کو بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!