3 hours ago
کراچی میں جرائم کی شرح کم ہوگئی، کراچی پولیس چیف
ویب ڈیسک
|
26 Oct 2025
کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے کمیونٹی پولیسنگ کراچی (سی پی کے) کے تحت درخشاں تھانے میں جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا افتتاح کر دیا، جو 250 ہائی ریزولوشن سی سی ٹی وی کیمروں سے لیس ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ نظام ساؤتھ زون میں جرائم کی روک تھام، مشکوک سرگرمیوں کی نگرانی اور ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے جبکہ اسی وجہ سے شہر میں جرائم کی شرح کم ہوگئی ہے۔
افتتاحی تقریب میں چیف سی پی کے و جسٹس آف پیس مراد سونی، چیف سی پی کے ڈی ایچ اے/کلفٹن احمد مبشر، ڈپٹی چیف ذیشان حبیب، عامر چوٹانی، عقیق اقبال سمیت پولیس افسران اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
مراد سونی نے تقریب سے خطاب میں بتایا کہ جدید کمانڈ سینٹر کا مقصد پولیس کی استعداد کار میں اضافہ اور عوامی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔ ان کے مطابق، نصب کیے گئے کیمروں میں اے این پی آر (Automatic Number Plate Recognition) ٹیکنالوجی بھی شامل ہے، جو گاڑیوں کی نمبر پلیٹ شناخت کر کے مجرمانہ سرگرمیوں پر فوری ردعمل ممکن بنائے گی۔
کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ کمیونٹی پولیسنگ کا یہ منصوبہ شہر میں جدید سیکیورٹی ماڈل کی بنیاد رکھتا ہے، جس سے پولیس کے آپریشنل امور میں بہتری اور جرائم کی شرح میں واضح کمی آئے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی کے 16 تھانوں میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم فعال ہے، اور اس سے جرائم میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ جاوید اوڈھو نے مراد سونی اور ان کی ٹیم کے پیشہ ورانہ جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی تعاون سے پولیسنگ کے نظام میں انقلاب آ سکتا ہے۔
تقریب کے اختتام پر مراد سونی اور ان کی ٹیم نے کراچی پولیس چیف اور دیگر افسران کو اعزازی شیلڈز پیش کیں۔
Comments
0 comment