کراچی اسٹریٹ کرائم پر ایم کیو ایم کا وفاق میں اتحاد چھوڑنے کا عندیہ
ویب ڈیسک
|
2 Apr 2024
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم-پی) کے سینیٹر فیصل سبزواری نے کراچی میں اسٹریٹ کرائمز میں خطرناک حد تک اضافے کا حوالہ دیتے ہوئے منگل کو وفاقی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی نہیں بنایا گیا تو پھر متحدہ وفاق سے علیحدہ ہوجائے گی۔
سینیٹر سبزواری نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کو نشانہ بنایا، جس نے گزشتہ 15 سالوں سے صوبہ سندھ پر حکومت کی ہے۔ انہوں نے کراچی میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہمارے لوگوں کا قتل جاری رہا تو ہم حکومت چھوڑ دیں گے۔
واضح رہے کہ میٹروپولیٹن شہر خوف کی لپیٹ میں ہے کیونکہ پرتشدد اسٹریٹ کرائمز، بشمول ڈکیتی، رمضان کے مقدس مہینے کے دوران جانیں لے رہے ہیں۔
شہر میں بڑھتی ہوئی لاقانونیت کے باوجود حکام کے پاس مجرموں کو پکڑنے کے لیے مناسب اقدامات کا فقدان نظر آتا ہے۔
اسٹریٹ کرائمز کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے شہریوں میں خوف اور عدم تحفظ کا احساس پیدا کر دیا ہے کیونکہ بے رحم ڈاکو شہر میں آزادانہ گھوم رہے ہیں، لوگوں کو لوٹ رہے ہیں اور مزاحمت پر انہیں قتل کر رہے ہیں۔
13 مارچ کو سندھ کابینہ کے افتتاحی اجلاس میں رپورٹ کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق، کراچی میں رواں سال کے پہلے ماہ میں 16 ہزار ڈکیتی کی وارداتیں ہوئیں، اس دوران مزاحمت پر 50 شہریوں کو قتل کیا گیا جبکہ رمضان المبارک کے بیس دنوں میں درندہ صفت ڈاکوؤں کے ہاتھوں 11 افراد ہلاک ہو گئے۔
Comments
0 comment