کرنل جنید عارف جنہیں اپنی اور ساتھیوں کی بشارت نبی ﷺ کی زیارت سے ہوئی

ویب ڈیسک
|
8 Oct 2025
اورکزئی میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف کی عالم دین کے ساتھ واٹس ایپ چیٹ کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔
اس چیٹ کی تصویر کو پڑھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ انہیں اپنی اور ساتھیوں کی شہادت کی بشارت پہلے ہی خواب کے ذریعے ہوگئی تھی۔
وائرل ہونے والی اس گفتگو میں شہید جنید عارف نے ایک عالمِ دین سے خواب کی تعبیر پوچھی تھی۔
انہوں نے لکھا کہ “خواب میں دیکھا کہ میں حوضِ کوثر پر کھڑا ہوں، اور رسولِ اکرم ﷺ خود مجھے اور میرے ساتھیوں کو پانی پلا رہے ہیں۔”
عالمِ دین نے اس خواب پر رشک اور دعا کے جذبات کے ساتھ جواب دیا۔
انہوں نے جواب میں لکھا کہ “ماشاءاللہ، بہت اعلیٰ خواب دیکھا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ آپ اور آپ کے ساتھی حق کے راستے پر ہیں، دنیا و آخرت میں کامیابی آپ کا مقدر ہے۔”
یہ مکالمہ اب سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے اور صارفین شہید افسر کی بہادری، ایمان اور قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق 7 اور 8 اکتوبر کی درمیانی شب خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں ایک خفیہ اطلاع پر مبنی کارروائی کے دوران 19 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد مارے گئے، جب کہ لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف، میجر طیّب راحت اور 9 جوانوں نے مادرِ وطن کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کیا۔
Comments
0 comment