کورنگی ڈکیتوں کی جنت، مزاحمت پر شہید دکاندار کی نماز جنازہ کے دوران سونے کی دکان میں ڈکیتی

ویب ڈیسک
|
24 Jul 2025
کورنگی میں دن دیہاڑے ایک اور جیولری کی دکان میں ڈکیتی، لاکھوں کا سونا لوٹ لیا گیا.
منگل کو کورنگی میں جیولرز کی دکانوں پر بھاری مالیت کے طلائی زیورات لوٹنے اور مزاحمت پر ایک دکاندار کو قتل کرنے کے بعد، ڈاکوؤں نے بدھ کو دن دیہاڑے کورنگی بھٹائی کالونی گراؤنڈ کے قریب ایک اور جیولری کی دکانبسم اللہ جیولرز سے لاکھوں روپے کا سونا لوٹ لیا اور فرار ہو گئے۔
یہ واردات ایسے وقت میں ہوئی جب ایک روز قبل ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے جیولر کی نماز جنازہ ادا کی جا رہی تھی۔
واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ڈاکوؤں کا اطمینان ظاہر کرتا ہے کہ انہیں پولیس کا کوئی خوف نہیں تھا؛ وہ انتہائی دیدہ دلیری کے ساتھ دکاندار کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنا کر اس کی آنکھوں کے سامنے بھاری مالیت کا سونا اپنے بیگ میں بھر کر فرار ہو گئے۔
بسم اللہ جیولرز کے مالک، ذاکر نے بتایا کہ بدھ کی دوپہر 1 بج کر 3 منٹ پر تین مسلح ڈاکو ان کی دکان میں داخل ہوئے اور 25 سے 30 تولہ سونا لوٹ کر فرار ہو گئے جس کی مالیت 80 سے 90 لاکھ روپے بنتی ہے۔
انہوں نے اعلیٰ حکام سے دکانداروں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا، "بڑی محنت سے جمع کرتے ہیں لیکن ڈاکو ایک منٹ میں آکر ہمیں زیرو کر جاتے ہیں۔"
ذاکر نے مزید بتایا کہ منگل کو بھی کورنگی نمبر 2 میں قائم جیولرز مارکیٹ میں دکاندار متین ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوئے تھے اور ڈاکو بھاری مالیت کا سونا لوٹ کر فرار ہوئے تھے۔ مقتول عبدالمتین کی نماز جنازہ بدھ کو 1 بجے ادا کی جا رہی تھی کہ اسی دوران ان کی دکان لوٹی گئی۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق، ایک ڈاکو شلوار قمیض میں تھا جبکہ دیگر دو ٹی شرٹ اور ٹراؤزر میں ملبوس تھے، اور انہوں نے پی کیپ پہنی ہوئی تھی۔ سب سے پہلے داخل ہونے والے ڈاکو نے ماسک لگایا ہوا تھا۔ واردات کے دوران شلوار قمیض میں ملبوس ڈاکو باہر پہرہ دیتا رہا جبکہ دیگر دو نے شوکیس سے زیورات اپنے بیگ میں بھرے۔ چند منٹوں میں ہی ڈاکو دکان خالی کر کے باہر کھڑی موٹر سائیکلوں پر اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ باآسانی فرار ہو گئے۔ متاثرہ دکاندار کے مطابق، باہر موجود لوگوں نے بتایا کہ ڈاکو 2 موٹر سائیکلوں پر آئے تھے۔
زمان ٹاؤن پولیس نے اطلاع ملتے ہی کرائم سین یونٹ کو طلب کر کے جائے وقوعہ سے فنگر پرنٹس سمیت دیگر شواہد حاصل کیے ہیں۔ پولیس سی سی ٹی وی کیمروں اور حاصل کردہ شواہد کی روشنی میں مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
---
Comments
0 comment