خواتین کیخلاف ویڈیوز بنانے پر یوٹیوبر گرفتار، تمام مواد ڈیلیٹ

ویب ڈیسک
|
21 May 2025
فیصل آباد: پنجاب پولیس نے منگل کے روز یوٹیوبر حسن اقبال چشتی کو خواتین کی تعلیم کے خلاف متنازعہ گانوں پر شدید تنقید کے بعد گرفتار کر لیا۔
گرفتاری کے بعد ان کے یوٹیوب چینل "Hassan Iqbal Chishti Official سے تمام ویڈیوز ہٹا دی گئی ہیں۔
حسن اقبال چشتی گزشتہ سال اپنے وائرل گانے "اوٹھی ڈانس کردی پئی اے" کی وجہ سے بدنام ہوئے تھے، جس میں اشارہ کیا گیا تھا کہ لڑکیاں تعلیم کے نام پر اسکولوں میں غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ہوتی ہیں۔
اس کے بعد انہوں نے لڑکیوں کو اسکول بھیجنے کے خلاف اور اپنی بیٹیوں کو تعلیم دینے والے مردوں پر تنقید کرنے والے مزید گانے ریلیز کیے۔
ان کے گانے سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے رہے، جس پر معاشرے کے مختلف طبقات نے ان کے اس بیزار کن اور عورتوں کے خلاف مواد کی شدید مذمت کی تھی۔ کئی صارفین نے حکام سے قانونی کارروائی کی اپیل بھی کی تھی۔
رپورٹس کے مطابق، گرفتاری کے بعد مقامی عالم فضل احمد چشتی ایک ہجوم کے ساتھ پولیس اسٹیشن کے باہر احتجاج کرتے ہوئے نظر آئے اور انہوں نے ایس پی پولیس کے خلاف توہین مذہب کا کیس کرنے کی دھمکی بھی دی۔
حسن اقبال چشتی کے خلاف خواتین کی تعلیم کے حوالے سے نفرت اور غلط معلومات پھیلانے کے متعدد شکایات موصول ہوئی تھیں۔ جولائی 2024 میں، پنجاب کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن نے ان کے ایک تعلیم مخالف ویڈیو کے خلاف باقاعدہ شکایت درج کرائی تھی، جس کے بعد فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (FIA) نے ان کے آن لائن مواد کی تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔
Comments
0 comment