خیبرپختونخوا حکومت نے علی امین گنڈا پور سے سیکیورٹی اور بم پروف گاڑیاں واپس لے لیں
ویب ڈیسک
|
24 Feb 2026
خیبر پختونخوا پولیس اور سرکاری ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے زیرِ استعمال سیکیورٹی پروٹوکول، جیمرز اور بلٹ پروف گاڑیاں واپس لے لی گئی ہیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدام موجودہ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کے سیکیورٹی اسکواڈ میں جیمرز خراب ہونے اور متبادل گاڑیاں دستیاب نہ ہونے کے باعث اٹھایا گیا ہے تاہم اُن کے ساتھ تعینات اہلکار بدستور ڈیوٹی پر ہیں۔
سابق وزیر اعلیٰ کے پاس گزشتہ چار ماہ سے سی ایم ہاؤس کی دو جیمرز گاڑیاں اور ایک بڑی بلٹ پروف گاڑی موجود تھی، جن کے ساتھ اسپیشل برانچ کے 8 اہلکار بھی تعینات تھے، تاہم پولیس کا دعویٰ ہے کہ صرف گاڑیاں واپس لی گئی ہیں جبکہ پولیس اہلکار اب بھی ان کے ساتھ موجود ہیں۔
دوسری جانب علی امین گنڈاپور نے میڈیا سے خصوصی گفتگو میں سیکیورٹی واپس لینے کی تصدیق کرتے ہوئے اس اقدام پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چیف سکیورٹی آفیسر کے حکم پر ان سے ایک جیمر، دو ڈبل کیبن گاڑیاں اور ڈرائیور سمیت 14 افراد کا عملہ واپس لیا گیا ہے۔
سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈی آئی خان ایک حساس علاقہ ہے اور مجھے پہلے سے تھریٹ الرٹس ہیں، پھر بھی مجھے سیکیورٹی لی گئی ہے۔
علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ اگر سی ایم ہاؤس میں گاڑیاں کم ہیں تو وہ اپنی ذاتی گاڑیاں بھیجنے کو تیار ہیں، تاہم انہوں نے دوٹوک اعلان کیا کہ اگر اب انہیں دوبارہ سیکیورٹی یا گاڑیاں دی گئیں تو وہ قبول نہیں کریں گے۔
ادھر کے پی پولیس کا موقف ہے کہ یہ تمام انتظامات طے شدہ ایس او پیز کے مطابق کیے گئے ہیں کیونکہ علی امین گنڈاپور کے زیرِ استعمال گاڑیاں بنیادی طور پر سی ایم سکیورٹی کا حصہ تھیں۔
Comments
0 comment