1 hour ago
الطاف حسین کو 19 روز بعد ڈسچارج کردیا گیا
ویب ڈیسک
|
20 Feb 2026
لندن: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی الطاف حسین کو تقریباً تین ہفتے علاج کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔
لندن میں مقیم ایم کیو ایم کے سینیئر رہنما مصطفیٰ عزیز آبادی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ الطاف حسین کو جمعرات کے روز اسپتال سے گھر منتقل کر دیا گیا۔ ان کے مطابق وہ شمال مغربی لندن کے ایک اسپتال میں گزشتہ 19 روز سے زیرِ علاج تھے۔
الطاف حسین کو یکم فروری کو طبیعت خراب ہونے پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ اس وقت پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ڈاکٹروں نے معائنہ کرنے کے بعد انہیں داخل رکھنے کی تجویز دی تھی تاکہ مکمل طبی دیکھ بھال کی جا سکے۔
واضح رہے کہ الطاف حسین 1992 سے لندن میں خود ساختہ جلاوطنی کی زندگی گزار رہے ہیں اور بعد میں انہوں نے برطانوی شہریت بھی حاصل کر لی تھی۔ وہ طویل عرصے تک لندن سے ٹی وی اور آن لائن خطابات کے ذریعے کراچی میں اپنے کارکنوں سے رابطے میں رہے۔
Comments
0 comment