ملک بھر میں 79واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

ملک بھر میں 79واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی، ملک بھر میں تقاریب
ملک بھر میں 79واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

ویب ڈیسک

|

14 Aug 2026

پاکستان بھر میں 79واں یومِ آزادی قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔

ملک کے مختلف شہروں میں پرچم کشائی کی تقریبات، قومی ترانے اور دیگر پروگرامز کا انعقاد کیا جارہا ہے، جبکہ سرکاری عمارتوں، شاہراہوں اور گھروں کو سبز ہلالی پرچموں سے سجایا گیا ہے۔

یومِ آزادی کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے تحریکِ پاکستان کے رہنماؤں اور قیامِ پاکستان کے لیے قربانیاں دینے والے افراد کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ 14 اگست ہمیں ان قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جن کے نتیجے میں پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔ انہوں نے قوم پر زور دیا کہ ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز کے باوجود ترقی اور خوشحالی کی جانب سفر جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی استحکام کے لیے گزشتہ ڈھائی برس کے دوران اہم اقدامات کیے گئے، جبکہ مسلح افواج نے ملکی دفاع اور سلامتی کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا۔

مسلح افواج کے سربراہان اور فیلڈ مارشل نے بھی یومِ آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے ملک کی خودمختاری، سلامتی اور قومی اتحاد کے لیے عزم کا اظہار کیا۔ اپنے پیغامات میں عسکری قیادت نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے اصولوں پر عمل اور ملکی ترقی میں ہر شہری کے کردار کی اہمیت پر زور دیا۔

مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی

کراچی میں یومِ آزادی کی مرکزی تقریبات میں سے ایک مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی روایتی تقریب بھی منعقد ہوئی۔ پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس نے مزارِ قائد پر اعزازی گارڈز کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی ریئر ایڈمرل محمد عمیر تھے۔ ہر سال 14 اگست کو پاکستان نیوی کے کیڈٹس اور سیلرز بانیٔ پاکستان کے مزار پر گارڈز کی ذمہ داریاں سنبھال کر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔

سندھ کی قیادت کی مزارِ قائد پر حاضری

سندھ کے گورنر سید نہال ہاشمی اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے بھی مزارِ قائد پر حاضری دی اور مشترکہ طور پر قومی پرچم لہرایا۔ پاکستان نیوی کے دستے نے معزز مہمانوں کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

سندھ کابینہ کے ارکان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سیاسی شخصیات نے مزار پر پھول رکھے، فاتحہ خوانی کی اور بانیٔ پاکستان کی قومی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں، جبکہ مہمانوں نے مزار کے وزیٹرز بک میں اپنے تاثرات درج کیے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!