مستونگ میں دہشت گردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے پاک فوج کے میجر اور سپاہی شہید، 3 دہشت گرد ہلاک

مستونگ میں دہشت گردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے پاک فوج کے میجر اور سپاہی شہید، 3 دہشت گرد ہلاک

فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے تباہ کردیا گیا
مستونگ میں دہشت گردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے پاک فوج کے میجر اور سپاہی شہید، 3 دہشت گرد ہلاک

ویب ڈیسک

|

24 Jul 2025

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے "فتنۃ الہندوستان" نامی دہشت گرد تنظیم کے تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

تاہم، فائرنگ کے شدید تبادلے میں پاک فوج کے ایک میجر اور ایک سپاہی نے جام شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، 23 جولائی 2025 کو سیکیورٹی فورسز کو ضلع مستونگ میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیم "فتنۃ الہندوستان" کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملی تھی جس پر انٹیلی جنس بنیاد پر ایک آپریشن شروع کیا گیا۔

کارروائی کے دوران، سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں تین دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے۔

بدقسمتی سے، فائرنگ کے شدید تبادلے میں مادرِ وطن کے بہادر سپوت اور فرنٹ لائن سے اپنے دستے کی قیادت کرنے والے میجر زید سلیم اوّل دشمن کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہو گئے۔

فائرنگ کے تبادلے میں ان کے ہمراہ سپاہی ناظم حسین بھی شہید ہوئے۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ علاقے میں ممکنہ دیگر بھارتی سرپرست دہشت گردوں کی موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے جبکہ اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے پاک فوج ملک سے بھارتی سرپرست دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

پاک فوج نے کہا کہ ہمارے بہادر سپوتوں کی یہ عظیم قربانیاں ہمارے اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!