4 hours ago
متنازع کینال منصوبہ، شریف برادران کا پیپلز پارٹی سے بات چیت کا فیصلہ

ویب ڈیسک
|
20 Apr 2025
اسلام آباد: وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے متنازع کینال منصوبے پر پیپلز پارٹی کے تحفظات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل نکالا جائے۔
وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثنا اللہ خان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت ہے کہ پیپلز پارٹی سے مشاورت کی جائے اور ان کے تحفظات کو دور کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اکائیوں کے پانی اور وسائل کی منصفانہ تقسیم پر مکمل یقین رکھتے ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی وفاق کا اہم حصہ ہے اور آئینی عہدوں پر رہتے ہوئے ذمہ دارانہ گفتگو ضروری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ 1991ء کے پانی معاہدے اور 1992ء کے ارسا ایکٹ کے ہوتے ہوئے کسی صوبے سے ناانصافی ممکن نہیں۔ ہر صوبے کا پانی اسی کے حصے میں جاتا ہے اور آئینی قوانین اس بات کو یقینی بناتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پانی جیسے حساس مسئلے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، بلکہ تمام معاملات بات چیت اور باہمی مشاورت سے حل ہونے چاہئیں۔ "ہم اکائیوں کی مضبوطی کو ہی وفاق کی مضبوطی سمجھتے ہیں اور ماضی کی طرح آئندہ بھی اسی اصول پر عمل پیرا رہیں گے،" انہوں نے کہا۔
رانا ثنا اللہ نے یہ بھی کہا کہ مسلم لیگ (ن) آئین اور جمہوریت پر پختہ یقین رکھتی ہے اور ہر صورت میں اکائیوں اور ان کے عوام کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسائل کا حل صرف بات چیت اور مشاورت سے ممکن ہے۔
Comments
0 comment