ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی سیاسی کشیدگی کا ڈراپ سین، بلاول کی جلد وزیراعظم اور مریم نواز سے ملاقات ہوگی

ویب ڈیسک
|
9 Oct 2025
وفاقی حکومت اور اتحادی جماعت پیپلز پارٹی کے درمیان حالیہ کشیدگی کے خاتمے کے لیے کی جانے والی سیاسی کوششوں میں پیش رفت ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی قیادت نے آپسی بیانات کا سلسلہ بند کرنے پر اصولی اتفاق کر لیا ہے۔
پنجاب اور سندھ حکومت کے درمیان جاری تنازع کے حل کے لیے وفاقی وفد نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے زرداری ہاؤس نواب شاہ میں ملاقات کی۔ وفد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں صوبائی سطح پر بڑھتی سیاسی کشیدگی، میڈیا بیانات اور دونوں جماعتوں کے تعلقات میں پیدا ہونے والی خلیج پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
صدرِ مملکت آصف زرداری نے وفد کو مشورہ دیا کہ “ہمیں ملکی مفاد کے لیے تناؤ کم کرنا ہوگا، اختلافِ رائے کو ذاتی حملوں میں نہیں بدلنا چاہیے۔”
حکومتی وفد کی جانب سے پیپلز پارٹی کو تجویز دی گئی کہ مستقبل میں کسی بھی حساس مسئلے پر عوامی سطح پر بیان دینے سے قبل مشاورت کی جائے۔ ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں نے اس تجویز سے اتفاق کر لیا۔
ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار نے فریقین کے درمیان پل کا کردار ادا کیا، جبکہ صدر زرداری نے مثبت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ “بیانات کی جنگ سے سیاسی استحکام متاثر ہوتا ہے، ہمیں ایک دوسرے کے مؤقف کا احترام کرنا چاہیے۔”
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ایک بیان پر پیپلز پارٹی کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا تھا، جس کے بعد دونوں صوبوں کی قیادت کے درمیان لفظی کشمکش شروع ہوگئی تھی۔
گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اپنے اتحادیوں کو ہدایت کی تھی کہ اختلافات افہام و تفہیم سے حل کیے جائیں اور ایسے بیانات سے گریز کیا جائے جو اتحاد کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
Comments
0 comment