انٹربورڈ نے فرسٹ ایئر میں فیل ہونے والے بچوں کیلیے بڑا اعلان کردیا
ویب ڈیسک
|
14 Jan 2025
بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی (BIEK) نے انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر کے طلباء کے امتحانی پرچوں کا جائزہ لینے کے لیے اسکروٹنی فیس ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے اسکروٹنی فیس ختم کرنے کا فیصلہ طلبا کی جانب سے کیے جانے والے مطالبے کے بعد کیا کیونکہ ایک پرچے کو دوبارہ چیک کرنے کیلیے ہزار روپے وصول کیے جارہے تھے۔
چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ شمس الرحمان نے ناظم امتحانات کو ایک ماہ کے اندر اسکروٹنی کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت کی اور یقین دہانی کرائی کہ ماہر اساتذہ پر مشتمل کمیٹیاں بنادی گئیں ہیں جو ری چیکنگ کررہی ہیں۔
اس سے قبل، حکام نے سائنس، پری انجینئرنگ، جنرل سائنس، ہوم اکنامکس، پرائیویٹ کامرس، اور پرائیویٹ آرٹس گروپس میں 2024 کے انٹرمیڈیٹ پارٹ 1 کے سالانہ امتحان کے پرچوں کی جانچ پڑتال پر طلباء کو 50 فیصد رعایت فراہم کی تھی۔
تاہم، ایک حالیہ پیش رفت میں، بورڈ نے پوری اسکروٹنی فیس کو ختم کرنے کا اعلان کیا۔ مزید برآں، انکوائری ونڈو پر ایک فیسیلیٹیشن ڈیسک قائم کیا گیا ہے تاکہ طلبا کو سکروٹنی فارم جمع کرنے میں کوئی پریشانی پیش نہ آئے۔
اسکروٹنی کے خواہش مند طلبا کیلیے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کیلیے فارم ویب سائٹ پر بھی اپ لوڈ کیا جاچکا ہے جہاں سے وہ ڈاؤن لوڈ کر کے اسے جمع کراسکتی ہے۔
بورڈ کے قائم مقام چیئرمین سید شرف علی شاہ کا ماننا تھا کہ زیادہ تر شکایات غلط تھیں اور طلباء کلاسز میں نہیں آتے تھے، جس کی وجہ سے وہ فیل ہوئے ہیں۔
Comments
0 comment