پاک افغان۔ مذاکرات کامیاب، جنگ بندی کیلیے کیا شرائط رکھی گئی ہیں؟

پاک افغان۔ مذاکرات کامیاب، جنگ بندی کیلیے کیا شرائط رکھی گئی ہیں؟

دوحہ میں دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات ہوئے
پاک افغان۔ مذاکرات کامیاب، جنگ بندی کیلیے کیا شرائط رکھی گئی ہیں؟

Webdesk

|

19 Oct 2025

پاکستان اور افغانستان کے درمیان فوری جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا ہے۔

یہ پیش رفت قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہونے والے اعلیٰ سطحی مذاکرات کے دوران سامنے آئی۔

پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے اتوار کی صبح سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں تصدیق کی کہ ”پاکستان اور افغانستان نے فوری جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔“

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ”افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشت گرد کارروائیاں فوری طور پر بند ہوں گی، جبکہ دونوں ممالک نے ایک دوسرے کی سرحدی خودمختاری کے احترام پر بھی اتفاق کیا ہے۔“

وزیرِ دفاع نے بتایا کہ دونوں ملکوں کے وفود 25 اکتوبر کو استنبول میں دوبارہ ملاقات کریں گے، جہاں سکیورٹی تعاون اور سرحدی استحکام سے متعلق مزید تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔

انہوں نے قطر اور ترکی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں "برادر ممالک" نے مذاکرات کے انعقاد اور کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

ادھر قطر کی وزارتِ خارجہ نے بھی تصدیق کی ہے کہ جنگ بندی کا فیصلہ ہفتے کے روز قطر اور ترکی کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات کے دوران کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ دونوں فریقین نے آئندہ دنوں میں مزید ملاقاتوں پر بھی اتفاق کیا ہے تاکہ جنگ بندی کے تسلسل کو یقینی بنایا جا سکے اور اس پر شفاف اور پائیدار عملدرآمد کیا جا سکے۔

قطری وزارتِ خارجہ کے مطابق، ”مذاکرات کے دوران دونوں ممالک نے فوری جنگ بندی، اور دیرپا امن و استحکام کے لیے باہمی تعاون کے طریقہ کار تشکیل دینے پر اتفاق کیا۔“

بیان میں مزید کہا گیا کہ ”آئندہ ملاقاتوں کا مقصد جنگ بندی کی نگرانی، اس کی پائیداری کو یقینی بنانا، اور دونوں ممالک کے درمیان سلامتی و استحکام کو فروغ دینا ہے۔“

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!