پاکستان کی بھارت کو پہلگام حملے کی غیرجانبدار تحقیقات کی پیش کش

ویب ڈیسک
|
26 Apr 2025
کاکول: وزیراعظم شہباز شریف نے پہلگام حملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات میں بھارت کو پاکستان کے تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے واقعے سے پاکستان کو منسلک کرنے کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی (PMA) کاکول کے پاسنگ آؤٹ پریڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عزم کو دہرایا، اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت قومی یکجہتی اور عالمی امن کے فروغ میں ان کے کردار پر زور دیا۔
شہباز شریف نے واضح کیا کہ "کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور بین الاقوامی قانون کے تحت متنازعہ علاقہ تسلیم کیا جاتا ہے"۔ انہوں نے زور دیا کہ "کشمیری عوام کو خودارادیت کا حق دیا جانا چاہیے"۔
دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ "پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور ہر شکل میں دہشت گردی کی مخالفت کی ہے"
وزیراعظم نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "بغیر کسی قابل اعتبار تحقیق یا ثبوت کے الزامات عائد کرنا بھارت کا معمول بن چکا ہے، پہلگام کے الزامات بھی ثبوت کے بغیر لگائی گئی الزامات کی ایک کڑی ہیں"۔
شہباز شریف نے کہا کہ "پانی پاکستان کی زندگی کی رگ ہے، کسی بھی جارحانہ اقدام کا وہی جواب ملے گا جو فروری 2019 میں دیا گیا تھا"۔
انہوں نے واضح کیا کہ "پاکستان اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے پوری قوم کے ساتھ کھڑا ہے"۔
وزیراعظم نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارت کی جانب سے علاقائی امن کو خطرہ بنانے والے اقدامات پر توجہ دے۔
Comments
0 comment