پاکستان کی ایران اور خلیجی ممالک پر ہونے والے ایرانی حملوں کی مذمت
ویب ڈیسک
|
28 Feb 2026
مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی پر پاکستان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امریکا اور اسرائیل کا نام لیے بغیر ایران پر حملوں کی مذمت کی ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو مشرقِ وسطیٰ میں مذاکرات کی ناکامی اور جاری کشیدگی پر انتہاءی افسوس ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف بلاجواز حملوں کی مذمت کرتا ہے یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے جب مسئلے کے پُرامن اور مذاکراتی حل کے لیے سفارتی کوششیں جاری تھیں اس قسم کی کارروائیاں پورے خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچا سکتی ہیں اور ان کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔
پاکستان نے ایران کی جانب سے برادر ممالک سعودی عرب، بحرین، اردن، کویت، قطر اور متحدہ عرب امارات پر حملوں کی بھی سخت مذمت کی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان نےان تمام برادر ممالک کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیااور کہا کہ زیادہ سے زیادہ تحمل اور ضبط کا مظاہرہ کیا جائے۔ خلیجی ریاستوں کی خودمختاری کی خلاف ورزی ناقابلِ قبول ہے۔
متحدہ عرب امارات میں حملے کے دوران ایک پاکستانی شہری کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعے کی مذمت کی تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ مزید ایسی کارروائیوں سے گریز کریں جو خطے کے دیگر ممالک کی سلامتی اور علاقائی خودمختاری کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کی پاسداری ناگزیر ہے پاکستان نے تمام متعلقہ فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ سفارتکاری کی جانب واپس آئیں اور بحران کے پُرامن اور مذاکراتی حل کو ترجیح دیں۔
Comments
0 comment