پاکستان نے ایران میں کیسے کارروائی کی؟ تفصیلات جاری

پاکستان نے ایران میں کیسے کارروائی کی؟ تفصیلات جاری

ایرانی میڈیا نے 9 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی، حملہ رات 4 بج کر 5 منٹ پر ہوا، سرکاری میڈیا
پاکستان نے ایران میں کیسے کارروائی کی؟ تفصیلات جاری

Webdesk

|

18 Jan 2024

پاک فوج کے ترجمان نے ایران میں کی جانے والی کارروائی کے حوالے سے تفصیلات جاری کردیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ایران کے علاقے سیستان میں کی جانے والی کارروائی میں صرف دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا اور اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ عام شہریوں کو اس سے نقصان نہ پہنچے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کو ’مارگ بار سرمچار‘ کا نام دیا گیا جس میں بلوچستان لبریشن آرمی اور بلوچستان لبریشن فرنٹ نکے ٹھکانوں کو انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائی کر کے نشانہ بنایا گیا، مذکورہ مقامات کو بدنام زمانہ دہشت گرد استعمال کررہے تھے۔

پاک فوج کے ترجمان نے بتایا کہ حملوں میں خودکش ڈرونز، راکٹوں، بارودی سرنگوں سمیت اسٹینڈ آف ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا اور بڑے نقصان سے بچنے کے لیے بہت زیادہ احتیاط کی گئی۔

پاک فوج کے مطابق حملوں میں مارے گئے دہشت گردوں میں دوستا عرف چیئرمین، بجر عرف سوغت، ساحل عرف شفق، اصغر عرف بشام اور وزیر عرف وزی شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نے ایران کے اندر ان ٹھکانوں کے خلاف مؤثر حملے کیے جو پاکستان میں حالیہ حملوں کے ذمہ دار دہشت گردوں کے زیر استعمال تھے، دونوں ہمسایہ برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ مسائل کے حل میں بات چیت اور تعاون کو سمجھ داری سمجھا جاتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہم پاکستانی عوام کی حمایت سے پاکستان کے تمام دشمنوں کو شکست دینے کے لیے پرعزم ہیں، پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام اور کسی بھی مہم جوئی کے خلاف تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے، پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کی کارروائیوں کے خلاف پاکستانی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

ایرانی میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان کی جانب سے حملہ رات 4 بج کر پانچ منٹ کے قریب کیا گیا، جس میں اب تک 9 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!