پاکستانی صحافیوں کا دورہ اسرائیل، حکومت نے تحقیقات شروع کردیں

پاکستانی صحافیوں کا دورہ اسرائیل، حکومت نے تحقیقات شروع کردیں

ترجمان دفتر خارجہ نے وضاحت کردی
پاکستانی صحافیوں کا دورہ اسرائیل، حکومت نے تحقیقات شروع کردیں

ویب ڈیسک

|

26 Mar 2025

اسلام آباد: دفترِ خارجہ نے پاکستانی صحافیوں کے اسرائیل جانے سے متعلق حالیہ رپورٹس پر ردعمل دیتے ہوئے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ پاکستانی پاسپورٹ اسرائیل کے سفر کے لیے جائز نہیں اور حکومت کا اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کا مؤقف بدستور برقرار ہے۔

دفترِ خارجہ کے ترجمان نے جمعرات کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "کسی بھی پاکستانی شہری کا اسرائیل کا دورہ موجودہ قوانین کے تحت غیر قانونی ہے۔ پاکستانی پاسپورٹ پر واضح طور پر درج ہے کہ یہ اسرائیل میں سفر کے لیے درست نہیں۔"

انہوں نے زور دے کر کہا کہ "پاکستان کا فلسطین کے حوالے سے تاریخی موقف تبدیل نہیں ہوا۔ ہم فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور 1967 کی سرحدوں پر مشتمل ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی مکمل حمایت کرتے ہیں، جس کا دارالحکومت مشرقی القدس ہوگا۔"

ترجمان نے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ "پاکستان فلسطین کے تنازعے کا صرف ایک منصفانہ اور پرامن حل چاہتا ہے، جو فلسطینی عوام کی خواہشات کے مطابق ہو۔"

انہوں نے اسرائیل کے سفر سے متعلق کسی بھی غیر تصدیق شدہ اطلاعات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ "اگر کوئی پاکستانی شہری غیر قانونی طور پر اسرائیل گیا ہو تو متعلقہ ادارے اس معاملے کی تحقیقات کریں گے اور ضروری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔"

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ حکومت نے ان رپورٹس کا نوٹس لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کچھ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ بعض پاکستانی صحافیوں نے اسرائیل کا دورہ کیا ہے۔ حکومتِ پاکستان نے ان اطلاعات کی فوری طور پر تردید کی ہے اور اپنے فلسطین دوست مؤقف پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!