پاکستانیوں زائرین کیلیے بری خبر، انفرادی حیثیت میں عراق جانے پر پابندی ہوگی

ویب ڈیسک
|
14 Jul 2025
پاکستانی زائرین کیلیے بری خبر یہ ہے کہ اب وہ عراق زیارتوں پر انفرادی حیثیت میں سفر نہیں کرسکیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران میں منعقدہ سہ ملکی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یکم جنوری 2026 سے پاکستانی زائرین کو بغیر منظم گروپ کے عراق جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام گروپس پر لازم ہوگا کہ وہ اپنے ساتھ جانے والے تمام زائرین کو واپس لائیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس پاکستان، ایران اور عراق کے مابین تعاون کے لیے ایک اہم قدم ہے، اور زائرین کی حفاظت اور سہولت اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زائرین کو رجسٹر کیا جائے گا اور صرف رجسٹرڈ گروپس ہی عراق جا سکیں گے۔ انفرادی طور پر سفر کی اجازت صرف ان افراد کو ہوگی جنہیں عراقی سفارتخانہ خصوصی ویزا جاری کرے گا۔ اس پالیسی کا مقصد غیر قانونی طور پر طویل قیام اور غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ کچھ زائرین عراق میں اپنی ویزا مدت سے زیادہ قیام کرتے ہیں اور غیر قانونی طور پر کام شروع کر دیتے ہیں، جسے روکنے کے لیے ایران اور عراق کی مدد درکار ہوگی۔
انہوں نے دونوں ممالک کی جانب سے لاکھوں زائرین کی میزبانی اور سہولیات فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی اور ہر عالمی فورم پر ایران کی حمایت کی۔ انہوں نے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ خامنہ ای کی قیادت کی تعریف کی اور انہیں اس موقع پر مبارکباد پیش کی۔
Comments
0 comment