العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کی بریت پر پی ٹی آئی کا بڑا انکشاف
ویب ڈیسک
|
12 Dec 2023
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی بریت کو انصاف کے تابوت میں آخری کیل اور لندن پلان کا حصہ قرار دے دیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’جاتی امرا کے مجرم بھگوڑے کی عدالت سے بریت کو انصاف کے تابوت میں آخری کیل ہے، بدنامِ زمانہ لندن پلان کے تحت ریاستی پناہ میں وطن واپس لائے جانے والے بھگوڑے نے اپنی عزت گردی رکھ کر بریت حاصل کی ہے‘۔
پی ٹی آئی نے کہا کہ مجرم کی بریت احتساب کے چہرے پر سیاہ دھبہ اور انصاف کے بہیمانہ قتل میں شریک کرداروں کیلئے تا ابد ذلّت و ہزیمت کی وجہ ہے، چیئرمین کے منصب پر بیٹھ کر نیب کے سربراہ نے احتساب کے ریاستی ادارے کو غیرآئینی اور غیرقانونی قوتوں کے مذموم سیاسی منصوبوں کا بوجھ اٹھانے والے ٹٹّو میں تبدیل کردیا ہے‘۔
پی ٹی آئی نے کہا کہ چور ٹبر کی لوٹ مار کل کی طرح آج بھی ایک حقیقت ہے جس کو جھٹلانا چوروں کے بس میں ہے اور نہ ہی انہیں واپس لانے والوں کے بس میں ہے۔
Comments
0 comment