اپوزیشن اتحاد حکومت کے ساتھ سنجیدہ مذاکرات کیلیے تیار

اپوزیشن اتحاد حکومت کے ساتھ سنجیدہ مذاکرات کیلیے تیار

اسلام آباد میں بدھ کی شب اپوزیشن اتحاد کا اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا
اپوزیشن اتحاد حکومت کے ساتھ سنجیدہ مذاکرات کیلیے تیار

ویب ڈیسک

|

26 Feb 2026

اسلام آباد: اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان نے حکومت کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش پر مثبت پیش رفت کا فیصلہ کر لیا ہے اور جلد باضابطہ رابطوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق دارالحکومت میں بدھ کی شب اپوزیشن اتحاد کا اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور راجہ ناصر عباس سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔ اجلاس میں شاہد خاقان عباسی اور مصطفی نواز کھوکھر نے بھی شرکت کی اور مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں شریک رہنماؤں نے حکومت کی مذاکراتی پیشکش اور خصوصاً رانا ثنا اللہ کے حالیہ بیانات کا جائزہ لیا۔ مشاورت کے دوران مختلف رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مذاکرات کے دروازے بند نہیں کرنے چاہئیں اور سیاسی مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے نکالنے کی کوشش کی جانی چاہیے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سلمان اکرم راجہ سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے بھی اپوزیشن قیادت کو حکومت سے رابطہ کرنے کا مشورہ دیا، جس کے بعد اتحاد نے باقاعدہ پیش رفت کا فیصلہ کیا۔

اپوزیشن اتحاد کی جانب سے دونوں مرکزی رہنماؤں کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ اعتماد میں لے کر مذاکراتی عمل کو آگے بڑھائیں اور امکان ہے کہ رمضان المبارک کے دوران اہم حکومتی شخصیات سے رابطہ کیا جائے گا۔

اس حوالے سے رہنما جنید اکبر کا کہنا ہے کہ اپوزیشن سیاسی قوت ہے اور مسائل کے حل کے لیے مذاکرات پر یقین رکھتی ہے، تاہم حکومت کو بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور سازگار ماحول بنانا ہوگا۔

دوسری جانب عاطف خان نے تصدیق کی کہ اتحاد کے اجلاس میں تمام جماعتوں نے مذاکرات کے عمل کی حمایت کی ہے اور جلد حکومت کو باضابطہ جواب دیا جائے گا، جبکہ عوام کو بھی اس حوالے سے اعتماد میں لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن اتحاد کی جانب سے مذاکرات کی یہ پیش رفت ملکی سیاسی صورتحال میں اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!