پی ٹی آئی کی ریلی میں دھماکا، چار افراد جاں بحق

پی ٹی آئی کی ریلی میں دھماکا، چار افراد جاں بحق

دھماکا بلوچستان کے علاقے سبی کے جناح روڈ پر اُس وقت ہوا جب وہاں سے پی ٹی آئی کی ریلی گزر رہی تھی
پی ٹی آئی کی ریلی میں دھماکا، چار افراد جاں بحق

Webdesk

|

30 Jan 2024

بلوچستان کے علاقے سبی میں جناح روڈ پر پی ٹی آئی کی ریلی میں دھماکے کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق جبکہ پانچ زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی ریلی جناح روڈ سے گزر رہی تھی کہ اس دوران ٹائم ڈیوائس کے ذریعے زوردار دھماکا ہوا، جس کے بعد بھگدڑ مچ گئی۔

دھماکے کے نتیجے میں چار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوئے جبکہ پانچ کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

ڈپٹی کمشنر سبی خدائے رحیم میروانی نے بتایا کہ ’ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا، قانون نافذ کرنے والے ادارے مزید تحقیقات کررہے ہیں‘۔

سیکرٹری محکمہ صحت بلوچستان عبداللہ خان نے سبی دھماکے کے پیشں نظر سبی سمیت کوئٹہ کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی۔ ایم ایس سبی اسپتال کے مطابق بم دھماکے کے چار زخمیوں کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر سبی میں علاج جاری ہے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی ریلی میں ہونے والے دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکریٹری اور آئی جی بلوچستان سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

اُدھر پاکستان تحریک انصاف نے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے اوچھا ہتھکنڈا قرار دیا اور کہا ہے کہ ایسے واقعات سے شہریوں کو خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا۔ ترجمان پی ٹی آئی نے عوام سے کہا کہ وہ بلا خوف و خطر 8 فروری کو نکل کر اپنے امیدوار کو ووٹ دے کر تمام سازشوں کو ناکام بنائیں۔

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!