قومی دفاع ہر شہری کی ذمہ داری ہے، فوج سے یکجہتی کریں، خواجہ آصف

ویب ڈیسک
|
17 May 2025
سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان مسلح افواج کی بہادری اور جنگی مہارت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت بڑے بڑے جنگی جہاز لے کر آیا تھا، لیکن ہمارے جوانوں نے انہیں پتنگوں کی طرح کاٹ کر رکھ دیا۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "پاک فوج کی قیادت نے جوانوں کا حوصلہ بلند رکھا اور انہوں نے بے مثال جرات کا مظاہرہ کیا۔ میں افواج کے سربراہان کو ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔"
خواجہ آصف نے کہا کہ "1947 سے لے کر آج تک بھارت پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے، لیکن ہماری افواج نے ہر بار بہادری سے دشمن کا مقابلہ کیا ہے۔ برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لیے ایک آزاد وطن حاصل کیا اور ہم اس کی حفاظت کرتے رہیں گے۔"
انہوں نے زور دے کر کہا کہ "نوجوان نسل کو اپنی تاریخ سے آگاہ کرنا ضروری ہے۔ پاک فوج کی شجاعت اور قربانیوں کو نصابی کتابوں میں شامل کیا جانا چاہیے، تاکہ آنے والی نسلیں فخر محسوس کریں۔"
وزیر دفاع نے کہا کہ "پاکستان کی 78 سالہ تاریخ میں پاک فوج کی بہادری کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ 27 فروری 2019 کی کامیابی ہماری تاریخ کا سنہری باب ہے، جب بھارت کے مغرور جنگی طیاروں کو ہمارے جوانوں نے خاک میں ملا دیا۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "دشمن کو یہ پیغام دے دیا گیا ہے کہ پاکستان کی سرزمین کسی بھی جارحیت کو برداشت نہیں کرے گی۔ ہماری افواج ہر وقت چوکس ہیں اور ملک کی سلامتی کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔"
خواجہ آصف نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کریں، کیونکہ قومی دفاع ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔
Comments
0 comment