شیخ رشید کی عمرہ ادائیگی کی روانگی کے لیے دائر درخواست مسترد
Webdesk
|
24 Feb 2026
اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی عمرہ ادائیگی کی روانگی کے لیے دائر درخواست انسداد دہشتگردی عدالت نے مسترد کردی۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے شیخ رشید کی عمرہ ادائیگی کی روانگی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں سابق وزیر اپنے وکیل سردار عبدالرازق خان کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے۔
رپورٹس کے مطابق اسپیشل پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے درخواست کی مخالفت میں دلائل دیے۔
سابق وفاقی وزیر داخلہ کے وکیل نے کہا کہ درخواست گزار ہر سال رمضان المبارک میں عمرہ ادا کرنے جاتے ہیں، ان کا پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات ضبط کی گئی ہیں، انہیں عمرہ ادائیگی کے لیے سعودی عرب جانے کی اجازت دی جائے۔
پراسیکیوٹرظہیر شاہ نے کہا کہ عدالت اس سے قبل ملزم کو 2مرتبہ عمرہ ادائیگی کی اجازت دیچکی ہے،لاہور ہائیکورٹ نے بھی شیخ رشید کو عمرہ ادائیگی کی اجازت دے دی تھی، وفاقی حکومت نے لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بینچ کے فیصلے کو چیلنج کیا ہوا ہے۔
ظہیر شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت کی اپیل لاہور ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ میں زیر سماعت ہے، وفاقی حکومت کی اپیل پر عدالت عالیہ شیخ رشیدکے عمرہ ادائیگی کا فیصلہ معطل کرچکی ہے، ماتحت عدالت ہائیکورٹ کے فیصلے سے متصادم کوئی فیصلہ جاری نہیں کرسکتی۔
Comments
0 comment