شیر افضل کا سیاسی کیریئر خطرے میں پڑ گیا

شیر افضل کا سیاسی کیریئر خطرے میں پڑ گیا

بیرسٹر گوہر کے خلاف بیان بازی پر شیر افضل کیخلاف پی ٹی آئی کا ایکشن
شیر افضل کا سیاسی کیریئر خطرے میں پڑ گیا

Webdesk

|

24 Feb 2024

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ایک نجی نیوز چینل پر پارٹی کے قائم مقام چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کے خلاف بیان دینے پر اپنے سینئر نائب صدر شیر افضل خان مروت کو شو کاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔

پی ٹی آئی ترجمان کی جانب سے افضل مروت کو جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ’ پارٹی قیادت کے نوٹس میں آیا ہے کہ آپ نے پارٹی پولیسی کے خلاف جا کر بیرسٹر گوہر علی خان کے خلاف بیان دیا ہے جس سے کافی تکلیف ہوئی ہے، ایسے عمل کو برداشت نہیں کیا جاسکتا‘۔

تحریک انصاف نے شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس میں معافی کیلیے دو دن کی مہلت دیتے ہوئے جواب دینے کی ہدایت کی اور لکھا کہ "اگر آپ کا جواب غیر تسلی بخش ہے یا آپ جواب نہیں دیتے ہیں، تو پارٹی پالیسی اور قواعد کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی"۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل مروت نے ایک نجی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ بیرسٹر گوہر علی خان کو ان کی نااہلی اور ناقص کارکردگی کی وجہ سے پارٹی کی چیئرمین شپ سے ہٹایا گیا ہے۔

اسی کے ساتھ شیر افضل مروت نے بیرسٹر گوہر کی پارٹی سے وفاداری کو تسلیم کیا اور اعتراف کیا کہ وہ ایک اچھے انسان ہیں، لیکن وہ "پارٹی سربراہ کی حیثیت سے تسلی بخش کارکردگی پیش کرنے میں ناکام رہے"۔

انہوں نے کہا تھا کہ ’ وہ خراب کارکردگی اور نااہلی کی وجہ سے پارٹی کی چیئرمین شپ سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں‘‘۔

عمران خان کے وکیل نے مزید کہا کہ 'بیرسٹر گوہر اپنے تین ماہ کے دور میں کامیاب نہیں ہوئے، کیونکہ کارکنان ان سے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کی کال دینا چاہتے تھے لیکن وہ ناکام رہے۔'

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!