سندھ حکومت کی رات دس سے صبح 6 بجے تک لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت
ویب ڈیسک
|
30 Jun 2024
سندھ حکومت نے کراچی سمیت صوبے بھر میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو رات 10 سے صبح 6 بجے تک لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کردی۔
اس ہدایت کے حوالے سے صوبائی وزیر توانائی ناصر حسین شاہ اور وزیر بلدیات سعید غنی نے مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا اور کہا کہ کے الیکٹرک، حیسکو اور سیپکو کے سی ای او کو سختی سے ہدایات دی ہیں کہ حالیہ گرمی جاری رہنے تک رات 10بجے سے صبح 6 بجے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کسی صورت نہ کی جائے۔
وزرا نے کہا کہ ادارے بجلی چوری کرنے والوں کی سزا عام شہریوں کو دینے کے بجائے بجلی چوروں کے خلاف سخت کارروائی کریں، حکومت انہیں سپورٹ کرے گی۔
سعید غنی اور ناصر شاہ نے کے الیکٹرک سمیت تین اداروں کو واجبات کی جلد ادائیگی کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کے الیکٹرک کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ سندھ حکومت ساڑھے دس ارب روپے کی نادہندہ ہے اور ادارے نے اپیل کی تھی کہ رقم جلد از جلد ادا کی جائے۔
Comments
0 comment