2 hours ago
سانحہ بھاٹی گیٹ، پنجاب حکومت اور انتظامیہ کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر
ویب ڈیسک
|
30 Jan 2026
لاہور ہائیکورٹ میں ایک آئینی درخواست دائر کی گئی ہے جس میں پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری، ڈپٹی کمشنر لاہور اور دیگر متعلقہ حکام کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بھاٹی گیٹ کے قریب کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے والی خاتون اور اس کی کمسن بیٹی کے واقعے پر عوام کو گمراہ کیا گیا۔
درخواست گزار کے مطابق لاہور میں ہر سال دس ہزار سے زائد مین ہول کے ڈھکن چوری ہو جاتے ہیں، لیکن اس سنگین مسئلے کو روکنے کے لیے کوئی مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ پولیس کی جانب سے دفعہ 322 کے تحت مقدمہ درج کرنا ناکافی ہے کیونکہ یہ واقعہ حادثہ نہیں بلکہ مبینہ مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات محض رسمی نوعیت کے ہیں اور کسی بھی ذمہ دار افسر کے خلاف حقیقی کارروائی نہیں کی گئی۔ عدالت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس افسوسناک واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے، غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، اصل حقائق سامنے لائے جائیں اور متاثرہ خاندان کو مناسب معاوضہ دیا جائے۔
درخواست میں یہ الزام بھی لگایا گیا ہے کہ واقعے کے بعد پولیس اور بعض سرکاری نمائندوں نے غمزدہ خاندان کو ہراساں کیا۔
یہ درخواست معروف وکیل اور جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے سربراہ ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جس میں پنجاب حکومت، لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) اور دیگر متعلقہ اداروں کو فریق بنایا گیا ہے۔
Comments
0 comment