تحریک انصاف نئے انتخابات کیلیے کے پی اسمبلی کی تحلیل اور قومی اسمبلی چھوڑنے پر تیار
ویب ڈیسک
|
20 Jul 2024
پاکستان تحریک انصاف نے ملک میں نئے غیرجانبدارانہ اور شفاف انتخابات کیلیے خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل اور قومی اسمبلی کی نشستیں چھوڑنے پر رضامندی ظاہر کردی۔
اس بات کا انکشاف مولانا فضل الرحمان نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اور بتایا کہ جے یو آئی نے تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کیلیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس کی قیادت کامران مرتضیٰ کریں گے اور دونوں جماعتوں کی کمیٹیاں باہمی مشاورت سے لائحہ عمل تیار کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے نئے انتخابات کیلیے خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے جبکہ قومی اسمبلی کی نشستیں چھوڑنے پر آمادگی ظاہر کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ باقی سیاسی جماعتوں سے اختلاف جبکہ تحریک انصاف سے تلخیاں تھیں جو اب ختم ہورہی ہیں۔
فضل الرحمان نے تحریک انصاف پر پابندی اور بانی پی ٹی آئی سمیت تمام سیاست دانوں پر مقدمات قائم کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس روش کو ترک ہونا چاہیے کیونکہ یہ کسی اور کی ایما پر کام کیا جاتا ہے۔
مولانا کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں بھی حقیقی مینڈیٹ نہیں ہے جبکہ ہم نے الیکشن سے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ میدان میں ہمارا اور پی ٹی آئی کا مقابلہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پی پی کو حکومت راس نہیں آئی اور نہ ہی ان دونوں جماعتوں میں کوئی اخلاقی جرات یا ہمت ہے۔
فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ ملک میں تمام مسائل کا واحد حل شفاف انتخابات ہیں اس لیے اب ادارے کو سیاس سے دور ہوکر اپنا آئینی کردار ادا کرنے کی طرف لوٹنا چاہیے، ملک مارشل لا یا ایمرجنسی کا متحمل نہیں ہوسکتا اور نہ اس سے کوئی کام بنے گا کیونکہ اب معاملات اسٹیبلشمنٹ کے ہاتھ سے نکل گئے ہیں۔
Comments
0 comment