ٹرمپ کے بیان کے بعد جادو ٹونے کا بیانیہ زمین بوس ہوگیا، گورنر سندھ

ویب ڈیسک
|
6 Mar 2025
کراچی: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اتحاد رمضان کے شرکاء سے گورنر ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے کئی اہم امور پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آج امریکی صدر پاکستان کی افواج اور اسٹیبلشمنٹ کی تعریف کر رہے ہیں، جو پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کوششوں کی عکاسی ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے میں پاکستان کے کردار کو امریکا سمیت عالمی برادری تسلیم کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کچھ لوگوں کے جادو ٹونے بھی کامیاب نہیں ہوئے، کیونکہ امریکی صدر کے بیان نے ان کے بیانیے کو زمین بوس کر دیا ہے۔
کامران خان ٹیسوری نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف سازشوں کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ایجنٹس پاکستانی افواج کو کمزور کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، لیکن پاکستان کی افواج اور عوام مل کر ان سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔
گورنر سندھ نے پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لیے افواج پاکستان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصر کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔
انہوں نے عوام سے اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی ہی ہمارا مشترکہ مقصد ہونا چاہیے۔ اس موقع پر اتحاد رمضان کے شرکاء نے گورنر سندھ کے خیالات کی تائید کی اور پاکستان کی سلامتی و استحکام کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔
Comments
0 comment