ٹیکس ریٹرن کے نام پر سمیں بلاک نہیں کریں گے، پی ٹی اے ڈٹ گیا
Webdesk
|
4 May 2024
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ٹیکس ریٹرن فائل نہ کرنے والوں کی موبائل سمز بلاک کرنے کی ایف بی آر کی تجویز کی کھل کر مخالفت کردی اور واضح کردیا کہ کسی کی سم بلاک نہیں ہوگی۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 114-بی کے تحت موبائل فون سموں کی بلاکنگ کے حوالے سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے ) نے ایف بی آر کو مطلع کیا ہے کہ انکم ٹیکس جنرل آرڈر (آئی ٹی جی او ) پر متعلقہ ادارے (اداروں ) کے ذریعے عمل درآمد سے پہلے جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔
پی ٹی اے کے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ موضوع پر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا بھی آغاز کر دیا ہے جبکہ پی ٹی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی اے نے ایف بی آر کو خط لکھ کر کہا ہے کہ وہ قانونی طور پر سمیں بندکرنے کے اس حکم پر عمل کرنے کے پابند نہیں اور سم بلاک کرنے کا عمل ہمارے فریم ورک سے مطابقت نہیں رکھتا ہے۔
پی ٹی اے نے خط میں کہا پاکستان میں صرف 27 فیصد خواتین اپنے نام پر نکالی گئی سمیں استعمال کرتی ہیں اور باقی خواتین اور بچے خاندان کے مرد حضرات کے نام پر سمیں استعمال کرتے ہیں۔
پی ٹی اے نے خط میں لکھا موبائل سم بند کرنے سے ای کامرس اور ٹرانزیکشز کا عمل بھی متاثر ہوگا۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ایف بی آر کی جانب سے سم بند کرنے کی درخواست کو مسترد کرکے کوئی اور لائحہ عمل پیش کرنے کی تجویز دی ہے۔
واضح رہے کہ ایف بی آر نے 6 لاکھ 6 ہزار سے زائد افراد کی موبائل سم بند کرنے کیلئے انکم ٹیکس جنرل آرڈر جاری کیا تھا۔ ایف بی آر کے مطابق ان افراد کی آمدن انکم ٹیکس ریٹرنز فائل کرنے کے قابل ہے لیکن یہ افراد انکم ٹیکس ریٹرنز فائل کرنے کے قابل ہونے کے باوجود فائل نہیں کررہے، یہ افراد ایف بی آر ایکٹو ٹیکس پیئرلسٹ میں شامل نہیں لہٰذا انکم ٹیکس ریٹرنز فائل نہ کرنے والوں کے موبائل فون کنکشن کسی بھی وقت بند کیے جاسکتے ہیں۔
Comments
0 comment