وفاقی حکومت نے علی امین گنڈاپور کا کوئی مطالبہ نہیں ماننا، اسد قیصر
Webdesk
|
29 Mar 2024
اسلام آباد: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو رہنما پاکستان تحریک انصاف اسد قیصر نے مشورہ دیا ہے کہ وہ وفاقی حکومت سے روابط ختم کر دیں۔
اپنے ایک بیان میں اسد قیصر نے کہا کہ وفاقی حکومت نے علی امین گنڈاپور کا کوئی مطالبہ نہیں ماننا، وفاق نے ابھی تک ایک افسر بھی وزیر اعلیٰ کے کہنے پر نہیں لگایا جبکہ تاحال خیبر پختونخوا کے بقایاجات پر کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ معزز ججز کی توہین میں وزیر اعظم شہباز شریف کا مکمل ہاتھ ہے، 2 سال میں پی ٹی آئی اور ججز کو شہباز دور حکومت میں ہراساں کیا گیا، ججز کے ساتھ یہ واقعات پورے پاکستان پیش آئے۔
انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کی جانب سے خط لکھنے کے بارے میں کہا کہ ججز پر دباؤ ڈالا گیا اور ڈرایا دھمکایا گیا، سپریم کورٹ کی ذمہ داری ہے ججز کو مکمل تحفظ فراہم کریں۔
انہوں نے کہا کہ یہ مفاہمت نہیں بلکہ مزاحمت کا وقت ہے، ہمیں قانون کی بالادستی کیلیے ابھی باہر نکلنا ہوگا۔
اسد قیصر نے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس جوڈیشل کمیشن بنائیں اور ججز کو مکمل انصاف فراہم کریں، جن کی سربراہی میں ججوں کو دھمکیاں دی گئیں اور فائدہ پہنچا ان ہی کو کمیشن بنانے کا کہا گیا ہے، اس سے عدلیہ کی عزت داؤ پر لگی ہے۔
اسد قیصر کا مزید کہنا تھا کہ بہت بڑی تحریک بہت جلد شروع کرنے جا رہے ہیں، اپنے حقوق کی جنگ آخر تک لڑیں گے، وکلا، سول سوسائٹی، میڈیا برادری، طلبہ اور کسان تحریک میں شرکت کریں۔
Comments
0 comment