وزیراعلیٰ کے سخت احکامات ہوا کی نظر، روٹی کہیں بھی سرکاری قیمت پر دستیاب نہیں
ویب ڈیسک
|
22 Apr 2024
وزیراعلیٰ پنجاب کے سخت احکامات کو ہوا میں اڑا دیا گیا اور لاہور میں کہیں بھی سستی روٹی دستیاب نہیں ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایک ہفتے قبل روٹی کی قیمت کا تعین کر کے اس کی قیمت 20 روپے مقرر کی تھی جس کے بعد اُن کی اپنے والد کے ہمراہ ویڈیو بھی وائرل ہوئی جس میں وہ تندور والے سے روٹی کے ریٹ مانگ رہی تھیں۔
تاہم لاہور کے کسی بھی علاقے میں حکومت کے اعلان کردہ نرخ پر روٹی فروخت نہیں ہورہی اور یہ بدستور 30 روپے میں دی جارہی ہے۔ حکومتی اعلان پر اقدامات نہ ہونے پر شہری حیران اور انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بھی بنارہے ہیں۔
اُدھر پرائس کنٹرول کمیٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ سستی روٹی اور نان فروخت نہ کرنے پر اب تک 33 مقدمات اور 28 گرفتاریاں ہوچکی ہیں جبکہ روٹی و نان کی قیمتوں میں خلاف ورزی کرنے والوں کو 80 ہزار سے زائد کے جرمانے بھی کیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر کا کہنا ہے کہ روٹی و نان کی قیمتوں پر عمل درآمد کے حوالے سے سخت مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور اس کی فروخت سرکاری قیمت پر ہی یقینی بنائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ شہری روٹی و نان قیمت کی شکایت کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب ہیلپ لائن 080002345 پر اندراج کروائیں۔
Comments
0 comment