آن لائن فوڈ ڈلیوری کے ذریعے منشیات کی ترسیل کا انکشاف

ویب ڈیسک
|
16 Jul 2025
کراچی: آن لائن ڈیلیوری پلیٹ فارمز سے منشیات کی ترسیل اور غلط استعمال کی روک تھام کے لیے سندھ پولیس اور ڈیلیوری سروسز کے مابین اہم فیصلہ ہوا ہے۔ سندھ پولیس اور معروف ڈیلیوری و رائیڈ ہیلنگ سروسز کے نمائندوں نے جعلی رائیڈرز کی غیر قانونی سرگرمیوں، جیسے منشیات کی ترسیل اور سٹریٹ کرائمز، کو روکنے کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا ہے۔
یہ فیصلہ ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ساؤتھ، سید اسد رضا کی زیر صدارت ایک اجلاس میں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جعلی رائیڈرز کے ذریعے ڈیلیوری نیٹ ورکس کے بڑھتے ہوئے غلط استعمال نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سروس فراہم کنندگان میں تشویش پیدا کر دی ہے۔
ڈی آئی جی رضا نے بتایا کہ رجسٹرڈ ڈیلیوری رائیڈرز کی شکایات نے اس اقدام کو شروع کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ڈیلیوری کمپنیوں کے نمائندوں نے رپورٹ کیا کہ کچھ افراد جعلی یونیفارم، ہیلمٹ اور برانڈڈ ڈیلیوری بیگز استعمال کرتے ہوئے خود کو مجاز رائیڈرز ظاہر کر کے منشیات کی ترسیل جیسے غیر قانونی کاموں میں ملوث پائے گئے ہیں۔
اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے اسٹیک ہولڈرز نے سخت سیکیورٹی پروٹوکولز نافذ کرنے پر اتفاق کیا ہے، جن میں مکمل پس منظر کی جانچ، رائیڈرز کے رجسٹریشن کے سخت طریقہ کار، اور قانونی و حفاظتی معیارات کی تعمیل کے لیے باقاعدہ سیکیورٹی بریفنگز شامل ہیں۔
ڈی آئی جی رضا نے مزید کہا کہ، "کمپنیوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو غیر تصدیق شدہ یا مشکوک رائیڈرز کے اکاؤنٹس کی شناخت اور غیر فعال کرنے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔"
اس کے علاوہ، کمپنیاں مخصوص مقامات سے بار بار آنے والے مشکوک آرڈرز کی نگرانی کریں گی تاکہ مجرمانہ نیٹ ورکس کا پتہ لگایا اور انہیں توڑا جا سکے۔
حکام کا منصوبہ ہے کہ جعلی شناخت استعمال کرنے والے یا کمپنی کے ملازمین کی نقالی کر کے غیر قانونی ترسیل کرنے والے افراد کا سراغ لگایا جائے۔
واضح رہے کہ رواں سال مارچ میں کراچی پولیس اور تعلیمی اداروں کے سربراہان نے کیمپسز میں منشیات کے بڑھتے ہوئے خطرے سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق کیا تھا۔ مئی میں، اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی تعلیمی اداروں میں طلبہ کو براہ راست کورئیر اور فوڈ ڈیلیوری پر پابندی عائد کی تھی، جب یہ رپورٹس سامنے آئیں کہ اس طرح کے ذرائع سے منشیات کی اسمگلنگ کی جا رہی ہے۔
Comments
0 comment