بلوچستان میں اندوہناک سانحہ، کے پی کے گیارہ مزدور جاں بحق
آفتاب مہمند
|
3 Jun 2024
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے چالیس کلومیٹر مسافت پر واقع یونین کونسل سنجدی میں قائم کوئلے کی کان میں دھماکا ہوا جس میں خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے گیارہ مزدور جاں بحق ہوگئے۔
کوئٹہ سے چالیس کلومیٹر دور سنجدی میں کوئلے کی کان میں گیس بھرجانے کے باعث زوردار دھماکا ہوا جس کے باعث کان بیٹھ گئی اور مزدور ملبے تلے دب گئے۔
واقعے کے بعد پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ مائنز نے ریسکیو کارروائیوں کا آغاز کردیا جبکہ بلوچستان حکومت نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔
ترجمان صوبائی حکومت شاہد رند نے بتایا کہ جائے وقوعہ پر ریسکیو کی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ میتوں کو ضابطے کی کارروائی کیلیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ جن کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد اُن کی لاشوں کو آبائی علاقوں کی طرف روانہ کیا جائے گا،
مرنے والوں میں سے چار افراد کا تعلق سوات کے علاقے میاندم جبکہ باقی سات کا شانگلہ کے گاؤں بانڈا میاں کلے پیرا آباد سے ہے۔ مرنے والوں کی شناخت جاوید، عمر، جان زر، عمر حسن، بخت افسر، شاکر اللہ، جان بادشاہ کے ناموں سے ہوئی اور مذکورہ متوفین کا تعلق بھی شانگلہ سے بتایا گیا ہے۔
چیف مائنز انسپیکٹر عبدالغنی بلوچ کے مطابق مرنے والے گیارہ افراد میں سے 9 کان کن، ایک ٹھیکیدار اور ایک مائن مینیجر شامل ہے۔
Comments
0 comment