1 hour ago
باراتیوں کی بس المناک حادثے کا شکار، 8 افراد جاں بحق
Webdesk
|
10 May 2026
شکارپور: اندرون سندھ کے ضلع شکارپور میں شادی کی تقریب اس وقت افسوسناک سانحے میں تبدیل ہو گئی جب باراتیوں سے بھری بس خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی۔ جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ دولہا، دلہن سمیت 26 افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق حادثہ میاں صاحب کے قریب میاں جو گوٹھ لنک روڈ پر اس وقت پیش آیا جب جیکب آباد سے میرپور برڑو جانے والی باراتیوں کی بس کا ٹائی راڈ اچانک ٹوٹ گیا۔ تکنیکی خرابی کے باعث بس بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری۔
ریسکیو 1122 حکام کے مطابق حادثے میں 3 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 5 زخمی دوران علاج اسپتال میں جان کی بازی ہار گئے، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 8 تک پہنچ گئی ہے۔
حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث اموات میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں جبکہ دلہا اور دلہن بھی زخمیوں میں شامل ہیں جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس حکام نے کہاکہ بس بلوچستان کے شہر اوستہ محمد سے میرپور برڑو جا رہی تھی کہ راستے میں اچانک مکینیکل خرابی کے باعث حادثہ پیش آیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا اور شادی کی خوشیاں ماتم میں تبدیل ہو گئیں۔ ریسکیو اور امدادی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جبکہ پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
Comments
0 comment