بیویوں کا جھگڑا، شوہر نے دو بیگمات اور بچوں کو قتل کر کے خودکشی کرلی
ویب ڈیسک
|
3 May 2024
فیصل آباد کے تھانہ نشاط آباد میں شوہر نے گھریلو حالات سے تنگ آکر دو بیگمات اور چار بچوں کو قتل کر کے خودکشی کرلی۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے نشاط آباد گلشن مدینہ فیز ٹو کے رہائشی پچاس سالہ کاظم جواد نے اپنی دو بیگمات امرین، فضا کو گولیاں مار کر قتل کیا۔
اس کے بعد ملزم نے اپنی تین بیٹیوں یمنی، عروج، رومہ اور بیٹے موسی کو بھی گولیاں مار کر قتل کیا اور پھر اپنے سر پر پستول رکھ کر گولی چلادی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر علاقہ مکین جب پہنچے تو دو خواتین، چار بچے اور ایک شخص مردہ حالت میں ملا جس پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔
اطلاع موصول ہوتے ہی تھانہ نشاط آباد کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور شواہد اکھٹے کر کے لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کیلیے اسپتال منتقل کیا۔
پڑوسیوں کے مطابق کاظم گھریلو حالات اور بیویوں کے جھگڑوں سے تنگ تھا جس پر اُس نے انتہائی قدم اٹھایا، دونوں بیویاں اور بچے ایک ہی گھر میں مقیم تھے۔
Comments
0 comment