1 hour ago
گل پلازہ آتشزدگی، 15 جاں بحق کی تصدیق، 73 لاپتہ
ویب ڈیسک
|
19 Jan 2026
کراچی کے علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 15 ہو گئی ہے، جبکہ 73 افراد اب بھی لاپتا بتائے جا رہے ہیں۔
سندھ حکومت کی ہیلپ لائن کے مطابق ایک روز قبل لاپتا افراد کی تعداد 70 تھی، تاہم پیر کے روز مزید تین افراد کے نام فہرست میں شامل کیے گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ لاپتا افراد میں خواتین بھی شامل ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ پر بڑی حد تک قابو پا لیا گیا ہے اور کولنگ کا عمل جاری ہے، جبکہ لاپتا افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن بھی جاری رکھا ہوا ہے۔
آگ ہفتے کی رات تقریباً 10 بج کر 15 منٹ پر گل پلازہ کی گراؤنڈ فلور سے لگی، جو تیزی سے تیسری منزل تک پھیل گئی۔ آگ کے باعث عمارت کے کئی حصے شدید متاثر ہوئے اور کچھ مقامات پر ڈھانچہ بھی منہدم ہو گیا۔
فائر بریگیڈ کے عملے نے 33 گھنٹے کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ مکمل طور پر بجھائی، جس کے بعد کولنگ کا عمل شروع کیا گیا۔ آگ پر قابو پانے کے بعد ریسکیو ٹیمیں عمارت میں داخل ہوئیں اور جلی ہوئی دکانوں میں محدود سرچ آپریشن کیا گیا، جس دوران ایک بچے سمیت تین افراد کے جسمانی اعضا ملے، جنہیں سول اسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا۔
سندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ آگ لگنے کی حتمی وجہ کا تعین تاحال نہیں ہو سکا، تاہم ابتدائی طور پر شارٹ سرکٹ کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آگ بجھانے کے عمل میں 24 فائر بریگیڈ گاڑیاں، 10 واٹر باؤزرز اور 4 اسنارکلز استعمال کیے گئے، جبکہ کے ایم سی اور ریسکیو 1122 کے مجموعی طور پر تقریباً 200 اہلکاروں نے حصہ لیا۔
حکام کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔
Comments
0 comment