حیدرآباد سے آنے والی بس کے مسافروں کو ڈاکوؤں نے لوٹ لیا
ویب ڈیسک
|
3 May 2024
کراچی: شہر قائد میں جاری ڈاکو راج کے دوران مسلح افراد نے سپرہائی وے نیو سبزی منڈی کے قریب حیدر آباد سے کراچی آنے والی ہائی ایس وین میں سوار مسافروں اور ڈرائیور کو لوٹ لیا۔
فلمی انداز میں کی جانے والی ڈکیتی کی واردات میں لٹنے والے ایک مسافر کا ویڈیو بیان بھی سامنے آگیا جس نے بتایا کہ حیدر آباد سے کراچی کے لیے روانہ ہونے والی ہائی ایس وین میں 3 ڈاکو سوار ہوئے تھے جس میں ایک پیچھے اور 2 آگے کی جانب بیٹھ گئے۔
مسافر وین جیسے ہی سپر ہائی وے نیو سبزی منڈی کے قریب پہنچی تو ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر ڈرائیور اور مسافروں کو یرغمال بنالیا اس دوران ایک ڈاکو ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھ گیا اور خود ہی گاڑی چلاتے ہوئے جمالی پل کے لے گیا اور اس دوران دیگر 2 ڈاکوؤں نے ہائی ایس وین میں سوار خاتون سمیت 16 مسافروں کو نقدی ، موبائل فونز اور طلائی زیورات سے محروم کر دیا۔
بعد ازاں مسافروں نے معمار کی جانب جانے والے راستے پر گاڑی کھڑی کی اور اتر کر وہاں سے چلے گئے۔
لٹنے والے افراد نے سہراب گوٹھ تھانے کی الآصف چوکی پر جا کر واقعہ کے خلاف احتجاج بھی کیا تاہم پولیس کی جانب سے چھینی گئی اشیا کی واپسی کیلیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے۔
Comments
0 comment