4 hours ago
جنرل (ر) باجوہ دل کے عارضے کیوجہ سے بے ہوش ہوئے، فیملی ذرائع
ویب ڈیسک
|
13 Feb 2026
اسلام آباد: سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کے اہلِ خانہ نے ان کی صحت سے متعلق زیرِ گردش خبروں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پھسلنے کے باعث نہیں گرے بلکہ دل کے برقی نظام میں عارضی خرابی کے باعث بے ہوش ہوئے تھے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق جنرل (ر) باجوہ کو دل کی دھڑکن کے نظام میں اچانک رکاوٹ پیش آئی جس کے نتیجے میں وقتی طور پر ہوش کھو بیٹھے تھے۔ ذرائع نے کہا کہ سوشل میڈیا اور بعض
حلقوں میں غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں، عوام سے اپیل ہے کہ افواہوں پر یقین نہ کریں اور ان کی طبی رازداری کا احترام کریں۔
ذرائع کے مطابق پیر 9 فروری کی شام جنرل (ر) باجوہ نے معمول کے مطابق چہل قدمی اور ورزش کی، تاہم بعد ازاں طبیعت ناساز ہونے پر متلی محسوس ہوئی۔ وہ واش روم گئے جہاں قے کے بعد بے ہوش ہو گئے۔ اس دوران کانوں سے خون آنے کی اطلاع بھی سامنے آئی، جس کے بعد انہیں 15 منٹ کے اندر کمبائنڈ ملٹری اسپتال (سی ایم ایچ) منتقل کر دیا گیا۔
اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ طبی معائنے کے دوران کھوپڑی میں تین (ہیئر لائن فریکچرز) ہوئے، تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ دماغ میں کسی قسم کا خون جمنے کا مسئلہ نہیں پایا گیا۔
ان کا مناسب طبی علاج جاری ہے اور حالت قابو میں ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل آئی ایس پی آر کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی تھی کہ سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ اپنی رہائش گاہ پر پیش آنے والے واقعے کے بعد سی ایم ایچ میں زیرِ علاج ہیں۔
Comments
0 comment