1 hour ago
کراچی : رینٹ اے کار کے مالک کا لرزہ خیز قتل، بیوی بچے لاپتہ
Webdesk
|
9 Apr 2026
کراچی: رینٹ اے کار کے مالک کو بے دردی سے قتل کرکے تیزاب سے جلا دیا گیا، تاہم مقتول کے زیرِ استعمال گاڑی کا اب تک سراغ نہیں مل سکا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نوری آباد سے دو اپریل کو ملنے والی نامعلوم لاش کی شناخت ہوگئی، پولیس حکام نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 32 سالہ عثمان کے نام سے ہوئی ہے جو رینٹ اے کار کا کاروبار کرتا تھا۔
اہلخانہ نے مقتول کی شناخت اس کے پہنے ہوئے کپڑوں اور گھڑی سے کی ہے۔پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق مقتول کو اغوا کے بعد بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد گولیاں مار کر اسے قتل کر دیا گیا۔
ملزمان نے مقتول کی شناخت چھپانے کے لیے اس کا چہرہ تیزاب سے بھی جھلسا دیا تھا۔ جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کے تین خول بھی برآمد ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مقتول عثمان 29 مارچ کو شیرپا کالونی سے بکنگ پر جانے کے لیے نکلا تھا اور اسی رات 3 بجے اس نے آخری بار اپنی والدہ سے فون پر بات کی تھی۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق اسے قتل کے روز دوپہر 1 بجکر 35 منٹ پر ٹول پلازہ پر دیکھا گیا جہاں وہ خود گاڑی چلا رہا تھا، تاہم کچھ دیر بعد اسی گاڑی میں کوئی دوسرا شخص سوار تھا۔
کیس میں نیا موڑ اس وقت آیا جب انکشاف ہوا کہ مقتول نے خفیہ شادی کر رکھی تھی اور قتل کی واردات کے بعد سے اس کی بیوی اور بچے بھی لاپتہ ہیں۔
مقتول کے قتل کا مقدمہ 31 مارچ کو قائد آباد تھانے میں درج کیا گیا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کے زیرِ استعمال گاڑی کا اب تک سراغ نہیں مل سکا، تاہم ملزمان کی تلاش جاری ہے اور انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
Comments
0 comment