1 hour ago
کراچی کی مزید 20 سڑکوں پر رکشے اور چنگچی پر پابندی عائد
ویب ڈیسک
|
4 Dec 2025
کراچی انتظامیہ نے ٹریفک کے بڑھتے دباؤ اور حادثات کے خدشے کے پیشِ نظر شہر کی 20 اہم سڑکوں پر رکشوں جبکہ مزید چھ شاہراہوں پر چنگچیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے مجموعی طور پر 26 بڑی شاہراہوں کو اس فیصلے میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ اقدام ڈی آئی جی ٹریفک کی سفارش پر اٹھایا گیا، جس کے بعد کمشنر کراچی نے سیکشن 144 کے تحت حکم نامہ جاری کیا۔
شاہراہِ فیصل سے آئی آئی چندریگر روڈ تک رکشوں کا داخلہ مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے، اور یہ پابندی فوری طور پر نافذ ہو گئی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق شہر کی 20 مرکزی سڑکوں پر رکشوں کی پابندی 18 اکتوبر سے 17 دسمبر 2025 تک برقرار رہے گی۔
خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز کو سیکشن 188 کے تحت مقدمات درج کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں، جبکہ ڈپٹی کمشنرز اور ٹریفک حکام کو پابندی پر سختی سے عمل کروانے کا حکم دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کی شکایات، ٹریفک جام اور حادثات کی بڑھتی رپورٹس کے باعث یہ فیصلہ ناگزیر تھا۔ اسی سلسلے میں مزید چھ بڑی شاہراہوں پر چنگچیوں کی آمد و رفت پر بھی مکمل پابندی لگا دی گئی ہے، جو پہلے سے جاری نوٹیفکیشن کی مدت کے مطابق ہی مؤثر رہے گی۔
پابندی والی اہم شاہراہوں میں یونیورسٹی روڈ، کورنگی روڈ، اورنگی روڈ، سپر ہائی وے سے ملیر کینٹ جانے والا راستہ، ماری پور روڈ، شاہراہِ پاکستان سے سہراب گوٹھ تک سمیت دیگر مرکزی راستے شامل ہیں۔
Comments
0 comment