1 hour ago
کراچی میں 11 ماہ کے دوران مین ہولز اور نالوں میں گر کر بچوں سمیت 23 شہری جاں بحق
ویب ڈیسک
|
2 Dec 2025
شہرِ قائد میں رواں سال کے پہلے 11 ماہ میں کھلے مین ہولز اور برساتی نالوں میں گر کر 23 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جن میں کئی معصوم بچے بھی شامل ہیں۔ یہ اعداد و شمار ایدھی فاؤنڈیشن نے جاری کیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 10 اموات کھلے مین ہولز جبکہ 13 افراد نالوں میں گر کر جاں بحق ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں کم عمر بچے، نوعمر لڑکے لڑکیاں اور بزرگ شہری تک شامل ہیں۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے فراہم کردہ ریکارڈ کے مطابق جنوری 2025 میں شاہ فیصل کالونی کا 6 سالہ عباد حادثے کا شکار ہوا۔
2 فروری کو کشمیر کالونی نمبر 3 میں 5 سالہ طیب اور 22 فروری کو سرجانی خدا کی بستی میں 3 سالہ اسداللہ جان سے گئے۔
18 مارچ کو نارتھ کراچی میں 55 سالہ نامعلوم شخص جبکہ 2 اپریل کو بلدیہ مواچھ گوٹھ میں 3 سالہ عبدالرحمٰن جان کی بازی ہار بیٹھا۔
اپریل میں ہونے والے واقعات میں
7 اپریل کو بنارس سے 45 سالہ نامعلوم،
16 اپریل کو ماڑی پور سے 15 سالہ رجب،
18 اپریل کو لیاقت آباد سے 10 سالہ سویرا،
اور 20 مارچ (ریکارڈ کے مطابق) سرجانی ٹاؤن سے 30 سالہ الطاف شامل ہیں۔
مزید افسوسناک واقعات
31 مارچ کو اورنگی ٹاؤن 5 نمبر میں 37 سالہ ظفر،
17 اگست کو ماڑی پور روڈ سے 38 سالہ الطاف،
19 اگست کو گورو مندر کے قریب 48 سالہ عباس،
8 ستمبر کو لانڈھی مرتضیٰ چورنگی سے 40 سالہ اقبال مسیح،
12 ستمبر کو لیاری دھوبی گھاٹ سے 30 سالہ نامعلوم اور اسی دن ناردرن بائی پاس کے قریب 7 سالہ اسما جاں بحق ہوئی۔
21 ستمبر کو گارڈن گھانس منڈی کے پاس ایک ہی دن میں تین افراد، 22 سالہ ویشال، 19 سالہ شاہد اور 42 سالہ سورج ڈوب کر چل بسے۔
4 اکتوبر کو سپر ہائی وے کوئٹہ ٹاؤن کے نزدیک دو نامعلوم افراد کی اموات ہوئیں۔
23 اکتوبر کو نصرت بھٹو کالونی میں 3 سالہ عائشہ،
15 نومبر کو کورنگی ڈھائی نمبر میں 30 سالہ نامعلوم شخص،
اور 30 نومبر کو گلشن اقبال نیپا چورنگی پر 3 سالہ ابراہیم کھلے مین ہول میں گر کر جان سے گیا۔
شہری حلقوں نے ان بڑھتے ہوئے حادثات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ کھلے مین ہولز کی فوری مرمت، نالوں کی حفاظت اور نگرانی سخت کی جائے تاکہ مزید قیمتی جانیں ضائع نہ ہوں۔
Comments
0 comment