2 hours ago
کراچی میں ہوائی فائرنگ سے خواتین اور بچوں سمیت 95 زخمی، 1 جاں بحق
ویب ڈیسک
|
14 Aug 2026
کراچی: جشنِ آزادی کی رات شہر کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کے واقعات نے خوشیوں کو متاثر کردیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں 95 افراد زخمی ہوئے، جن میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں میں 15 خواتین اور 25 سے زائد بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے جناح، سول اور عباسی شہید اسپتال سمیت مختلف طبی مراکز منتقل کیا گیا۔
حکام کے مطابق ہوائی فائرنگ کے واقعات نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، نیو کراچی، اورنگی ٹاؤن، کورنگی، گارڈن، لیاقت آباد، عزیز آباد، ملیر، لائنز ایریا، گلشنِ اقبال، یونیورسٹی روڈ، لیاری، گلشنِ معمار اور شاہ لطیف ٹاؤن سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں رپورٹ ہوئے۔
دوسری جانب پولیس نے ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 41 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ضلع شرقی کے مختلف علاقوں سے 10، ضلع غربی کے اورنگی ٹاؤن سے 7، ضلع وسطی سے 16 جبکہ ضلع کورنگی سے 8 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہوائی فائرنگ میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
Comments
0 comment