کراچی میں پولیس امن و امان کیلیے سخت محنت کررہی ہے، وزیراعلیٰ سندھ
Webdesk
|
8 Apr 2024
کراچی : وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شہر میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بلدیہ سے دو مغوی افراد کی کامیاب بازیابی پر سٹی پولیس کی تعریف کی۔
مراد علی شاہ نے پولیس فورس میں لگن اور محنت کے جذبے کو پروان چڑھانے کی دلی خواہش کا اظہار کیا تاکہ میگا سٹی پُرامن اور پُر آسائش بن سکے۔
اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی عمران یعقوب، ڈی آئی جی مقدس حیدر اور دو مغویوں کی بازیابی کے لیے آپریشن میں حصہ لینے والی پولیس ٹیم نے شرکت کی۔ ان میں ایس ایس پی اے وی سی سی ظفر صدیقی، ڈی ایس پی قیصر شاہ، انسپکٹر عابد حسین، سب انسپکٹر غلام رسول، ہیڈ کانسٹیبل طارق صمد، خاور یوسف، لیڈی پولیس کانسٹیبل محترمہ عریشہ ناز شامل ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ شہر میں امن و امان کی صورتحال سے مطمئن نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ پولیس سخت محنت کر رہی ہے لیکن ہاٹ اسپاٹ مقامات پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے جہاں جرائم کی شرح زیادہ ہے۔
وزیراعلیٰ نے ایڈیشنل آئی جی کو ہدایت کی کہ ایسے تھانوں کو چوکس رکھا جائے جہاں جرائم کی شرح بہت زیادہ ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی عمران یعقوب نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ شہر میں جرائم کی شرح یومیہ 166 کیسز ریکارڈ کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیگر صوبوں کے بڑے شہروں میں جرائم کی شرح زیادہ ہے لیکن اس کے باوجود وسیع پیمانے پر چیکنگ، گشت اور انٹیلی جنس کے ذریعے صورتحال کو کنٹرول کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ڈکیتیوں کے خلاف مزاحمت پر آئے روز لوگ قتل ہوتے جا رہے ہیں جوکہ کافی تکلیف دہ امر ہے اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ہر صورت شہریوں کی جان، آزادی اور املاک کی حفاظت کریں۔
انہوں نے ایڈیشنل آئی جی کو ہدایت کی کہ وہ کاہل پولیس افسران کی جگہ محنتی پولیس افسران کو ذمہ داری تفویض کریں۔
Comments
0 comment