2 hours ago
کراچی میں سال نو کی آمد پر فائرنگ سے کتنے شہری زخمی ہوئے؟ چونکا دینے والے اعداد
ویب ڈیسک
|
1 Jan 2026
کراچی میں نئے سال کی تقریبات کے دوران ہوائی فائرنگ کے باعث کم از کم 25 افراد زخمی ہو گئے جبکہ پولیس نے 60 افراد کو ہوائی فائرنگ کے الزام میں گرفتار کر کے قتل بالسبب کا مقدمہ درج کرلیا۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ کورنگی، گولیمار، فائیو اسٹار اور نیو سبزی منڈی سمیت کئی علاقوں سے فائرنگ کے واقعات رپورٹ ہوئے، جہاں آوارہ گولیوں کی زد میں آ کر شہری زخمی ہوئے۔
اسی طرح سندھ کے دیگر شہروں سے بھی ایسے واقعات سامنے آئے۔ حیدرآباد میں چار جبکہ نوابشاہ میں دو افراد نئے سال کی رات ہوائی فائرنگ کے باعث زخمی ہوئے۔
واضح رہے کہ نئے سال سے قبل سندھ ہوم ڈیپارٹمنٹ نے کراچی میں ہوائی فائرنگ اور اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
اس پابندی پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے پولیس نے ڈرون کیمروں کے استعمال کا فیصلہ کیا تھا۔
پولیس کے مطابق لیاقت آباد، شریف آباد، عزیز آباد، ناظم آباد اور اطراف کے علاقوں میں ڈرون کیمروں کے ذریعے نگرانی کی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ڈرون فوٹیج کی مدد سے ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے، جبکہ نگرانی کے عمل کو مؤثر بنانے کے لیے 16 سے زائد تھانوں کو ڈرون کیمرے فراہم کیے گئے۔
پولیس نے مخبروں کی خاص اطلاع پر مختلف علاقوں سے 60 ملزمان کو گرفتار کیا، ضلع وسطی نے سب سے زیادہ 19، ضلع ایسٹ نے 18 ملزمان گرفتار کیے۔
Comments
0 comment