1 hour ago
ملیر میں ماں اور بیٹی کی لاشیں برآمد
ویب ڈیسک
|
26 Jun 2026
کراچی کے علاقے ملیر کھوکھراپار میں گھر سے 30 سالہ خاتون اور اس کی 8 سالہ بیٹی کی لاشیں برآمد ہونے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس اور ریسکیو ٹیمیں اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچیں، جہاں سے شواہد اکٹھے کیے گئے۔ ابتدائی تفتیش کے بعد پولیس نے خاتون کے شوہر کو شبہ کی بنیاد پر حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔
ایس ایچ او ریاض بھٹو کے مطابق خاتون کی لاش گھر کے اندر لوہے کی تار سے لٹکی ہوئی ملی، جبکہ اس کی گردن پر پھندے کا نشان بھی موجود تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچی کی لاش فرش پر پڑی ہوئی ملی، اس کی گردن پر پھندے کے نشانات نہیں تھے، جس کے باعث شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بچی کو گلا دبا کر قتل کیا گیا۔
ایس ایچ او کے مطابق خاتون کا شوہر مبینہ طور پر گزشتہ روز شام 4 بجے گھر سے نکلا تھا اور اگلی صبح واپس آیا۔ پولیس نے اسے تفتیش کے لیے حراست میں لیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی دونوں اموات کی اصل وجہ سامنے آئے گی، جس کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Comments
0 comment