1 hour ago
میر رضا کیس: پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ کو دھمکیاں ملنے کا انکشاف، پیچھا بھی کیا گیا
ویب ڈیسک
|
14 Sep 2026
کراچی: میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن کے سامنے پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں دھمکیاں دی گئیں اور دو روز تک موٹر سائیکل سوار افراد نے ان کا تعاقب کیا۔
ڈاکٹر سمیہ کے مطابق انہیں مبینہ طور پر کہا گیا کہ اگر وہ میر رضا کی موت کو خودکشی قرار دے دیں تو ان کے ساتھ ’’ہلکا ہاتھ‘‘ رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا اور عوامی سطح پر بھی ان کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے۔
پولیس سرجن نے کمیشن کو بتایا کہ انہوں نے میر رضا کیس میں اپنا کیریئر داؤ پر لگایا ہے اور یہ معاملہ ان کے لیے ایک ٹیسٹ کیس کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اپنی ذات سے زیادہ اپنے خاندان کی فکر ہے۔
ڈاکٹر سمیہ کے مطابق دھمکیوں کے معاملے پر انہوں نے قومی سائبر جرائم تحقیقاتی ادارے میں شکایت بھی درج کرا دی ہے۔
کمیشن نے ڈاکٹر سمیہ سے استفسار کیا کہ کیا انہیں سکیورٹی کی ضرورت ہے؟ جس پر انہوں نے پولیس سکیورٹی فراہم کرنے کی خواہش ظاہر کی۔
کمیشن کے سربراہ جسٹس عمر سیال نے رینجرز کی سکیورٹی کے لیے ہدایت جاری کرنے کی پیشکش کی، تاہم ڈاکٹر سمیہ نے بعد میں کہا کہ انہیں سکیورٹی کی ضرورت نہیں۔
Comments
0 comment