3 hours ago
میر رضا کیس: قبر کشائی بورڈ کی حتمی رپورٹ میں قتل ثابت، بے ہوشی کی دوا کے آثار بھی ملے
ویب ڈیسک
|
31 Aug 2026
کراچی: میر رضا کیس میں پولیس سرجن کراچی کی جانب سے قبر کشائی کے لیے تشکیل دیے گئے میڈیکل بورڈ کی حتمی رپورٹ سامنے آگئی، جس کے مطابق میر رضا کی موت دل پھٹنے کے باعث ہوئی جبکہ دل کو نقصان سینے پر آتشیں اسلحے سے لگنے والی سوراخ کرنے والی چوٹ کے نتیجے میں پہنچا۔
رپورٹ کے مطابق میر رضا کے سینے پر گولی کا زخم پشت کی جانب سے داخل ہوکر سامنے کی طرف خارج ہوا۔ قبر کشائی بورڈ نے قرار دیا ہے کہ دستیاب شواہد موت کو خودکشی قرار دینے سے مطابقت نہیں رکھتے۔
رپورٹ میں موت کے طریقہ کار کو خودکشی سے غیر مطابقت قرار دیا گیا ہے۔
حتمی رپورٹ کے مطابق میر رضا کی شرٹ پر ہائیڈروکلورک ایسڈ کی موجودگی کی بھی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ خون کے نمونے میں بے ہوش کرنے والی دوا بیوپیواکین کے آثار پائے گئے۔
تاہم لیبارٹری تجزیے میں نشہ آور، سکون آور یا دیگر زہریلے مادوں کی موجودگی کے شواہد نہیں ملے۔
میڈیکل بورڈ کے مطابق میر رضا کی شرٹ کے نمونوں میں فائرنگ کے نتیجے میں پیدا ہونے والے ذرات کے آثار بھی پائے گئے۔ شرٹ کے اگلے اور پچھلے دونوں حصوں سے سیسہ اور بیریم کے ذرات ملے، جو آتشیں اسلحے سے فائرنگ کے نتیجے میں پیدا ہونے والے ذرات سے مطابقت رکھتے ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ گولی کے داخلی زخم کے اطراف فائرنگ سے پیدا ہونے والے ذرات کی مقدار شرٹ کے دیگر حصوں کے مقابلے میں زیادہ پائی گئی۔
Comments
0 comment