مراد سعید عدالت پہنچ گئے
ویب ڈیسک
|
29 Aug 2026
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید نے وفاقی وزیر احسن اقبال کو 25 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کے عدالتی فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کردی۔
اپیل میں مراد سعید نے استدعا کی ہے کہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد کی جانب سے 29 جولائی 2026 کو جاری کیا گیا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور مقدمے کے حتمی فیصلے تک ہرجانے کی ڈگری پر عمل درآمد روکا جائے۔
اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ماتحت عدالت کا فیصلہ دستیاب حقائق اور شواہد سے مطابقت نہیں رکھتا۔ مراد سعید کے مطابق احسن اقبال کے خلاف کی گئی پریس کانفرنس سرکاری ریکارڈ اور وفاقی تحقیقاتی ادارے سے حاصل معلومات کی بنیاد پر کی گئی تھی۔
اپیل میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے عدالتی گواہوں کے بیانات اور وفاقی تحقیقاتی ادارے کی رپورٹ کو مناسب طور پر مدنظر نہیں رکھا۔ مراد سعید کے مطابق احسن اقبال اور ان کے گواہوں نے بھی تسلیم کیا کہ ان کی ساکھ کو نقصان نہیں پہنچا۔
مراد سعید نے مؤقف اختیار کیا کہ ماتحت عدالت نے بدنیتی ثابت نہ ہونے کا ذکر کیا، اس کے باوجود ان پر ہرجانہ عائد کیا گیا، جو عدالتی ریکارڈ سے مطابقت نہیں رکھتا۔
اپیل میں اسلام آباد ہائیکورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ ماتحت عدالت کے فیصلے پر اپیل کے حتمی فیصلے تک حکم امتناع جاری کیا جائے۔
Comments
0 comment